جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعلیم و و چیئرمین جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (جے کے بی او ایس ای) شانت منو نے اِمتحانی نتائج کے اعلان پر طلبأ کو مُبارک باد دی ہے۔شانت منو نے جاری ایک بیان میں کہا کہ ہائیر سیکنڈری تعلیم سیکھنے کے عمل کا ایک اہم مرحلہ ہے اور اِس جماعت میں کامیابی طلبأ کی تعلیمی زِندگی کا ایک نمایاں سنگ میل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس رجحان کو جاری رکھتے ہوئے اس سال بھی لڑکیوں نے نہ صرف مجموعی کامیابی کی شرح میں بلکہ اعلیٰ میرٹ پوزیشنوں میں بھی لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتاہے کہ لڑکیاں تعلیمی میدان میں پہلے سے زیادہ پُرعزم ہو گئی ہیں۔چیئرمین نے طالب علموں کو اُن کی کامیابی پرمُبارک باد پیش کی اور اُن طلبأ کو جو اِس بار کامیاب نہ ہو سکے، تلقین کی کہ وہ خود احتسابی کرتے ہوئے آئندہ اِمتحانات کے لئے مزید محنت کریں تاکہ کامیابی حاصل کر سکیں۔شانت منونے بورڈ کے عملے بالخصوص سیکریسی وِنگ کی بھی سراہنا کی کہ انہوں نے 36 دن کی قلیل مدت میں اضافی گھنٹے کام کر کے نتائج مرتب کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ بورڈ نے ایک اہم سنگ میل حاصل کیا ہے جسے آئندہ برسوں میں برقرار رکھنا ضروری ہے۔










