جموں//گورنمنٹ کالج برائے خواتین (جی سی ڈبلیو)پریڈ گراؤنڈجموں میں ’سیوا پَرو‘ کو جوش و خروش اور ولولے کے ساتھ منایا گیا جس میں طلباء ، اَساتذہ اور معززین نے بھرپور شرکت کی۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن شانت منو نے شرکت کی جنہوں نے اِس تقریب کی بطور مہمان خصوصی صدارت کی۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کالج اور این ایس ایس رضاکاروں کی خدمت، نظم و ضبط اور شہری ذِمہ داری کے جذبے کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے اَقدامات نہ صرف نوجوانوںمیں سماجی ذمہ داری کا شعور پیدا کرتے ہیں بلکہ اعلیٰ تعلیمی اِداروں کے کردار کو کمیونٹی کی ترقی کے ایجنٹ کے طور پر بھی مستحکم کرتے ہیں۔پرنسپل ڈاکٹر رویندر کے تکو نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اِس موقعہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ’ سیوا پرو‘ جیسے پروگرام طلبأ میں سماجی خدمت، ماحولیاتی تحفظ اور شہری ذمہ داری جیسے اَقدار کو پروان چڑھاتے ہیں۔ اُنہوں نے شرکت کرنے والے کالجوں کے تعاون کو سراہا اور نوجوانوں کی توانائی کو تعمیری قومی تعمیر کی طرف راغب کرنے میں ان کے کردار کی سراہنا کی۔تقریب کا آغاز خدمت پر مبنی سرگرمیوں سے ہوا جن میں صفائی مہم، شجرکاری مہم، عطیہ مہم اور ایک علامتی واکتھون-نمائش شامل تھی جس کی قیادت مختلف کالجوں کے این ایس ایس رضاکاروں نے کی۔ ان سرگرمیوں نے ’خدمات یعنی بے لوث خدمت اور کمیونٹی کی شمولیت ‘کے اصل جذبے کو اُجاگر کیا۔جی سی او اِی، جی ڈِی سی پلورہ، جی ڈِی سی اَکھنوراور جی ڈِی سی آر ایس پورہ کے رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی اور مختلف اشیأ عطیہ کیں۔ جی سی ڈبلیو پریڈ کے این ایس ایس اور این سی سی رضاکاروں نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے بھی دِل کھول کر تعاون کیا۔تقریب کے ثقافتی حصے نے اس موقعہ کو مزید رنگین بنایا۔ موسیقی شعبے کے طلباء نے گاندھیائی فلسفے پرایک روح پرور پرفارمنس دی جس کے بعد ایم اے ایم کالج کے طلبأ نے ’’ نشا مُکتی ابھیان ‘‘ ایک خاکہ پیش کیا اور جی سی ڈبلیو پریڈ کی این ایس ایس رضاکاروں نے ’’سوچھتا ابھیان‘‘ پر ایک سکٹ پیش کیا۔ اِس پروگرام میں یوم آزادی کی تقریبات کے ڈویژن سطح کے فاتحین کی مُبارک باد بھی پیش کی گئی۔اِس موقعہ پرجی سی ڈبلیو گاندھی نگر، جی ڈِی سی پلورہ، جی ڈی سی آر ایس پورہ اور گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس جموں کے پرنسپلز بھی موجو دتھے۔










