شانت منو نے جی جی ایم سائنس کالج اور گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس کا دورہ کیااور سیلاب سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا

شانت منو نے جی جی ایم سائنس کالج اور گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس کا دورہ کیااور سیلاب سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا

جموں// ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے اعلیٰ تعلیم شانت منو نے حالیہ شدید سیلاب کے بعدجس نے تعلیمی اِداروں کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا اور تعلیمی سرگرمیوں میں خلل ڈالا آج جی جی ایم سائنس کالج اور گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس کا دورہ کیا تاکہ نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ اُن کے ہمراہ نوڈل پرنسپل جموں ڈویژن کالجز پروفیسر (ڈاکٹر) رویندر تکو، نوڈل بھی تھے۔دورے کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو پرنسپل جی جی ایم سائنس کالج پروفیسر (ڈاکٹر) رمیش کمار گپتا اورپرنسپل گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس پروفیسر (ڈاکٹر) راجندر سنگھ نے نقصانات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔دونوں اداروں نے تعلیمی بلاکوں، لیبارٹریوں، لائبریریوں، ہوسٹلوں کے ساتھ ساتھ فرنیچر، آلات اور تعلیمی وسائل کو پہنچنے والے نقصان کی اطلاع دی۔ جی جی ایم سائنس کالج کے بوٹینیکل گارڈن، لان، باونڈری وال اور دیگر سبزہ زار بھی شدید متاثر ہوئے جبکہ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس میں بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان سے کلاس روموں اور طلبأ کی سہولیات کی معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔شانت منو نے متاثرہ جگہوں کا معائینہ کرتے ہوئے تباہی کے پیمانے اور طلبأ و عملے کو ہونے والی تکلیف پر گہری تشویش کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم تعلیمی سرگرمیوں کی جلد بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ اُنہوںنے زور دے کر کہا کہ طلبأ کی فلاح و بہبود اور تعلیم کا تسلسل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کالج اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ نقصانات اور فوری ضروریات کی تفصیلی رپورٹس تیار کریں تاکہ بروقت اِمداد فراہم کی جا سکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے اعلیٰ تعلیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ مستقبل میں ایسی آفاتِ سماوی سے نمٹنے کے لئے اعلیٰ تعلیمی اِداروں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی مقامات کی حفاظت بلا تعطل سیکھنے اور تحقیقی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لئے بہت ضروری ہے۔