راجوری//چیف الیکٹورل آفیسر ( سی ای او ) جموں و کشمیر پی کے پول نے پولنگ کے دن راجوری کا دورہ کیا تا کہ ضلع کے تمام پانچ حلقوں بشمول نوشہرہ ، درہال ، راجوری ، کالا کوٹ اور تھنہ منڈی میں ووٹنگ کے عمل کو ہموار کیا جا سکے ۔ ضلع انتخابی افسر ( ڈی ای او ) راجوری ابھیشیک شرما نے سی ای او کو ضلع میں پولنگ کے عمل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پانچوں حلقوں میں ووٹروں کی شرکت بہتر دیکھی گئی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹرز کی سہولت کو یقینی بنانے اور پولنگ سٹیشنوں پر نظم و نسق برقرار رکھنے کیلئے مناسب انتظامات کئے گئے تھے ۔ نسٹر پی کے پول نے ضلع کے کنٹرول روم کا معائینہ کیا جو پولنگ کی سرگرمیوں کو مربوط کرنے اور کسی بھی ابھرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ سی ای او نے تمام پانچوں اسمبلی حلقوں میں متعدد پولنگ سٹیشنوں کی حالت کو جانچنے کیلئے ویب کاسٹنگ سسٹم کا استعمال کیا ۔ اس ڈیجٹل مانیٹرنگ کے ذریعے پولنگ عملے کے رویے ، شفافیت اور فزیکلی معائینہ ، مجموعی حفاظتی انتظامات کا جائیزہ لیا گیا ۔ ویب کاسٹنگ کے ذریعے مختلف پولنگ بوتھوں کی رئیل ٹائم فوٹیج کا جائیزہ لیا گیا ، خاص طورپر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں الیکشن کے دن کی سرگرمیوں کی ایک جامع تصویر فراہم کی ۔ کنٹرول روم کے عملے کے ساتھ بات چیت میں مسٹر پی کے پول نے ٹیکنالوجی پر مبنی طریقہ کار کو سراہا جس نے پولنگ اسٹیشنوں کی ریموٹ مانیٹرنگ کو قابل بنایا ۔ اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ انتخابی عمل آزادانہ ، منصفانہ اور ہموار ہو ، انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال جیسے ویب کاسٹنگ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ انتخابات زیادہ شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ کرائے جائیں ۔ یہ ہمیں پولنگ کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے میں مدد کرتا ہے ۔ مسٹر پی کے پول نے ماڈل ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہونے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زوردیا کہ ہر اہل ووٹر کسی دباؤ یا رکاوٹ کے بغیر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرے ۔
