سری نگر//سیکرٹری ٹرانسپورٹ اوِنی لواسا نے سٹیٹ موٹر گیراجز ڈیپارٹمنٹ بمنہ سری نگر کا اچانک دورہ کیا تاکہ محکمہ کے کام کاج کاجائزہ لیا جاسکے۔سیکرٹری نے دورے کے دوران ریجنل ورکشاپ، ٹریفک کنٹرول یونٹ اور محکمے کے مختلف اِنتظامی شعبہ جات کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے اَفسران اور عملے سے بات چیت کی اور سرکاری گاڑیوں کے بیڑے کی مرمت، مینی ٹیننس اور اِنتظام کے لئے دستیاب سہولیات کا قریب سے جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر سٹیٹ موٹر گیراجز ملک طاہرنے انہیں موجودہ ورکنگ میکانزم، اَفرادی قوت کی تعیناتی اور معمول کے ساتھ ساتھ خصوصی مرمتوں کے لئے دستیاب بنیادی ڈھانچے کے بارے میں جانکاری دی۔اونی لواسا نے محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے نظام کو جدید بنانے کے لئے نئے اَقدامات متعارف کرنے پر خصوصی زور دیا۔ اُنہوں نے ایک جامع نئی کار پالیسی بنانے، سروس کی فراہمی میں آٹومیشن کو اَپنانے اور انوینٹری مینجمنٹ سسٹم کو اَپ گریڈ کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ کارکردگی، شفافیت اور سپیئر پارٹس کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری نے محکمہ کو درپیش مختلف اِنتظامی اور عملی چیلنجوں پر بھی غور وخوض کیا۔ اُنہوں نے موقعہ پر ہی ان مسائل کو وقت مقررہ میں حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے اِختراعی طریقے اَپنانے، عملے کی صلاحیت بڑھانے اور محکمے کے مختلف وِنگوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ مجموعی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔اوِنی لواسا نے مزید کہا کہ سٹیٹ موٹر گیراجز ڈیپارٹمنٹ جو کہ سرکاری گاڑیوں کے بیڑے کا نگران ہے، وسائل کے مؤثر اِستعمال کو یقینی بنانے اور گاڑیوں کو بغیر کسی رُکاوٹ کے سرکاری کام کاج کے لئے سڑک کے قابل حالت میں برقرار رکھنے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر سٹیٹ موٹرگیراجز جے اینڈ کے ملک طاہر،ڈپٹی ڈائریکٹر سٹیٹ موٹر گیراجز کشمیرسیّدمعارف اندرابی اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔










