کولگام//سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ( وائی ایس ایس ) سرمد حفیظ نے آج کولگام کا دورہ کیا اور حکومت کے پرجوش عوامی رسائی پروگرام کے تحت ایک عوامی دربار کی صدارت کی ۔ کیمپ کے دوران دیو سر ، ڈی ایچ پورہ ، بیہی باغ ، کنڈ ، قائمو ، پہلو ، فریسال اور دیگر علاقوں اور بلاکس کے عوامی وفود نے شکایات کے ازالے کے کیمپ میں حصہ لیا اور انہیں درپیش مسائل اور مشکلات سے سیکرٹری موصوف کو آگاہ کیا ۔ خصوصی طور پر معذور افراد کے وفد نے خصوصی معذور افراد کیلئے بحالی مراکز کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ سیکرٹری موصوف نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے محکموں کی اسکیموں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں تا کہ لوگ ان سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں ۔ سرمد حفیظ نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ تمام مطالبات نوٹ کر لئے گئے ہیں اور مناسب کارروائی کیلئے متعلقہ حلقوں کے ساتھ بات کی جائے گی ۔ شروع میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پروگرام کا مقصد عوام کے مسائل سُننا ہے تا کہ فوری اور بروقت ازالہ کیا جا سکے ۔ اس موقع پر اے ڈی ڈی سی ، ڈی پی او ، اے ڈی سی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران کے علاوہ سرکردہ شہری بھی موجود تھے ۔










