بین الاقوامی یورولوجی کانفرنس کامیابی سے اِختتام پذیر
سری نگر//گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں کے شعبۂ یورولوجی نے معروف قومی و بین الاقوامی ماہرین کے اِشتراک سے دو روزہ کانفرنس ویلی یوروکان 3کامیابی کے ساتھ اِختتام پذیر کیا جس میں ورکشاپ اور مسلسل طبی تعلیم (سی ایم اِی) سیشن شامل تھے۔کانفرنس میں زائد اَز300مندوبین نے شرکت کی ۔اِس پروگرام کو جموںوکشمیر میں یورولوجی شعبے کے لئے ایک تاریخی سنگ میل بنادیا۔کانفرنس کا آغاز ممتاز قومی ماہرین کی جانب سے پُرمغز لیکچرز کے ساتھ ہوا جس میں لیپروسکوپک ریڈیکل پروسٹیٹی کٹومی سے لے کر بینائن پروسٹیٹک ہائپرپلیزیا کے جدید علاج تک کے موضوعات شامل تھے۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے کانفرنس کا اِفتتاح کیا اور اُنہوں نے کلیدی خطاب میں کہا،’’جموں و کشمیر میں اس قدر اعلیٰ تعلیمی پروگرام کا مشاہدہ کرنا خوشی کی بات ہے ۔ ویلی یوروکان 3 ہماری حکومت کے طبی شعبے میں بہترین کارکردگی اور جدید سرجیکل سہولیات کی معلومات کو لوگوںتک پہنچانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمارے یو ٹی کو میڈیکل ٹورِازم اور اختراع کا ایک نمایاں مرکز بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ میں پوری ٹیم کو اس شاندار کامیابی پرمُبار ک باد پیش کرتاہوں۔‘‘دوسرا دن لائیو جدید سرجریوں کے لئے مخصوص تھاجو کانفرنس کے موضوع’’ایڈوانسنگ یورولوجی تھرو انوویشن‘‘سے ہم آہنگ تھا۔ اِس دوران 12جدید تھری۔ڈِی لیپروسکوپک سرجریز انجام دی گئیں جن میں لیپروسکوپک ریڈیکل پروسٹیٹی کٹومی، ریڈیکل نیفرکٹومی، پائیلو پلاسٹی اور بی پی ایچ کے کم سے کم تکلیف دہ علاج (ریزم اور یورو لفٹ) شامل ہیں۔ پرنسپل، ڈین اور چیف پیٹرن جی ایم سی سری نگر چیف پیٹرن پروفیسر عفت حسن شاہ نے کہا،’’ویلی یوروکان 3 نے خطے میںتعلیمی معیار کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔عالمی معیار کی لائیو سرجیکل ورکشاپوںکے ساتھ مربوط کرنا ہمارے میڈیکل ایجوکیشن اور مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنانے کے عزم کی واضح مثال ہے۔ میں شعبۂ یورولوجی اور تمام شراکت داروں کو اس عظیم کامیابی پر دلی مُبارک باد پیش کرتی ہوں۔‘‘
آرگنائزنگ چیئرمین سربراہ شعبۂ یورولوجی جی ایم سی سری نگر پروفیسر سیّد سجاد نذیرنے کہا،’’کانفرنس کی شاندار کامیابی یورولوجی کمیونٹی کی اجتماعی محنت کا ثبوت ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جو نہ صرف جدید تھری۔ڈی لیپروسکوپی جیسی انقلابی تکنیکوں کی نمائش کا باعث بنا بلکہ قومی و بین الاقوامی تعاون کو بھی مضبوط کیا۔‘‘ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر اِقبال نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا،’’میں ہر اُس فرد کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں جس نے اِس کانفرنس کی کامیابی میں اپنا حصہ اَدا کیا۔ فیکلٹی اور مندوبین کا جذبہ، مہارت اور لگن واقعی قابلِ سراہناہے۔‘‘کانفرنس میں ایڈمنسٹریٹر جی ایم سی و منسلک ہسپتال محمد اشرف حکاک، شعبہ جات کے سربراہان،میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ ڈاکٹر روبینہ شاہین اور ممتاز علمی ماہرین جن میں پروفیسر کے پاریکھ ، پروفیسر ایس کے پال، پروفیسر انوپ کمار، پروفیسر ایلیاس شرما، پروفیسر اتم میٹی، پروفیسر عارف حمید، پروفیسر ایم سلیم وانی، پروفیسر چندر موہن وِردی، ڈاکٹر ابھیشیک سنگھ، ڈاکٹر راہل گپتا، ڈاکٹر ریتش مہتا اور ڈاکٹر روہت سمیت کئی دیگر شامل تھے۔کانفرنس نے خطے میں یورولوجیکل کیئر کے معیار کو مزید بلند کیا ہے اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے طبی شعبے میں اعلیٰ کارکردگی کے عزم کو مضبوط کیا ہے۔










