بہتر صحت سہولیات کی فراہمی اور مریضوں کی دیکھ بھال پر زور دیا
بارہمولہ//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا کے ہمراہ آج گورنمنٹ میڈیکل کالج ( جی ایم سی ) اور اس سے منسلک ہسپتال بارہمولہ کا دورہ کیا اور صحت کی سہولیات اور مریضوں کی دیکھ بھال کا جامع معائینہ کیا ۔ دورے کے دوران سیکرٹری نے جی ایم سی کے مختلف شعبوں کا ایک جامع دورہ کیا تا کہ دستیاب سہولیات اور خدمات کی فراہمی کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ڈاکٹر عابد رشید نے ایمر جنسی بلاک کا جائیزہ لیا مریضوں کی دیکھ بھال ، مریضوں کی آمد ، انتظامی طریقوں ، صحت کی مداخلتوں ، حفاظتی اقدامات اور ایمر جنسی ڈیپارٹمنٹ کے اندر بہترین اپریشنل کارکردگی اور مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعلقہ شعبوں کا جائیزہ لیا ۔ سیکرٹری صحت نے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں جن میں جی ایم سی میں حفظانِ صحت اور صفائی کے معیارات کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ۔ مزید براں ڈاکٹر عابد رشید نے آؤٹ پیشنٹ اور ان پیشنٹ دونوں شعبوں میں مریضوں کی آمدورفت کے انتظام کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔ بعد ازاں سیکرٹری موصوف نے مختلف محکموں بشمول ہیلتھ کئیر ، آر اینڈ بی ، پی ایچ ای اور دیگر محکموں کے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تا کہ جی ایم سی بارہمولہ کے معائینہ کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو حل کیا جا سکے ۔ میٹنگ میں پرنسپل جی ایم سی ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، پروفیسرز ، ڈاکٹرز ، لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران ، پیرا میڈیکس اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے ۔










