سیکرٹری ریونیو نے شوپیاں میں عوامی دربار کی صدارت کی

شوپیاں//سیکرٹری ریونیو پرسنا راما سوامی نے منی سیکرٹریٹ کے میٹنگ ہال میں عوامی شکایات اور مطالبات کا جائیزہ لینے کے علاوہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینے کیلئے ایک بڑے عوامی دربار کی صدارت کی ۔ شرکاء نے انتظامی سیکرٹری کو اپنے ترقیاتی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے ازالے کیلئے بروقت مداخلت کی درخواست کی ۔ تقریب کے دوران سامنے آنے والے نمایاں مسائل اور خدشات میں فروٹ منڈی اگلر شوپیاں کیلئے حفاظتی دیوار ، حیوانات کی اپ گریڈیشن ، زینہ پورہ ، قصبے میں شادی ہال اور پارکنگ کی جگہ ، شوپیاں میں زچگی اور بچوں کے اسپتال کی فراہمی ، کپرن کیلئے کھیل کا میدان ، چتر گام اور ملحقہ دیہاتوں میں سڑکیں ، پانی کی سہولت ، بجلی کی فراہمی کے چیلنجز، صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا ، روڈ کنیکٹیویٹی ، نامکمل سڑکوں کی تعمیر ، سڑکوں کی خستہ حالی ، آبپاشی کی نہروں کی مرمت ، ایس ڈی ایچ میں اپ گریڈ شدہ سہولیات ، ویٹر نری سہولیات اور ڈسپنسریوں کی دستیابی شامل ہیں ۔ سیکرٹری نے پروگرام کے دوران اٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی تمام شکایات اور مطالبات کو بروقت حل کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چئیرپرسن بلقیس جان ، ایس ایس پی شوپیاں ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ایس ڈی ایم زین پورہ ، ڈی ڈی سی ممبران کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ عام لوگوں تک سرکاری خدمات کے فوائد پہنچاتے ہوئے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایات دیں کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں تا کہ ان کے حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے ۔ ہر شکائت کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سیکرٹری نے کہا ’’ عوام کو اچھی حکمرانی فراہم کرنے کیلئے عوامی شکایات اور مطالبات کا جائیزہ لینے اور ان کے حل کی ہمیشہ کوشش کی گئی ہے ۔ ڈی ڈی سی ممبر راجہ وحید نے عوامی اہمیت کے بعض مسائل بشمول مستحق راشن کارڈ ہولڈرز کی شمولیت اور دیگر مسائل پر روشنی ڈالی ۔