سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ نے آر جی ایس اے سکیموں کا جائزہ لیا

زمین کی فوری نشاندی اور پی اے آئی 2.0ڈیٹا اِندراج کی تکمیل پر زور دیا

سری نگر//سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج محمد اعجاز اسد نے آج راشٹریہ گرام سوراج ابھیان (آر جی ایس اے) کے تحت جاری اہم منصوبوں کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک تفصیلی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پنچایت ایڈوانسمنٹ اِنڈکس( پی اے آئی) 2.0، پنچایت گھر کی تعمیر، کامن سروس سینٹروں کی کولوکیشن، پنچایت لرننگ سینٹروں (پی ایل سی) کے کام کاج، ماڈل وومن فرینڈلی پنچایتیں، میری پنچایت ایپ کے ذریعے پنچایت گھروں کی جیو ٹیگنگ اور مالی برس 2021-22 ء کے آڈِٹ کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری کو بتایا گیا کہ پی اے آئی 2.0 کے تحت 90 فیصد ڈیٹا اَنٹری مکمل ہو چکا ہے جس میں کل 4,291 گرام پنچایتوں میں سے 3,868 نے عمل شروع کیا ہے۔ اُنہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز پنچایت (اے سی پی) کو ہدایت دی کہ آئندہ دو سے تین دنوں میں صد فیصد ڈیٹا اَنٹری مکمل کیا جائے اور 5 ؍ستمبر تک گرام سبھاؤں اور بلاک سطحی کمیٹیوں کے ذریعے اس کی توثیق کو یقینی بنایا جائے تاکہ ریاست 10 ؍ستمبر تک وزارت پنچایتی راج کے ساتھ تصدیق شدہ ڈیٹا اشتراک کر سکے۔سیکرٹری نے پنچایت گھروں کے حوالے سے کچھ اضلاع میں زمین کی نشاندہی میں تاخیر پر تشویش کا اِظہار کیا اوراے سی پیز کو ہدایت دی کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنروں سے رابطہ کر کے زمین کی دستیابی کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی پنچایت زمین کی کمی کی وجہ سے محروم نہ رہے۔سی ایس سیز کی مشترکہ جگہوں پر موجودگی کے حوالے سے بتایا گیا کہ 93 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ سیکرٹری نے فیلڈ افسران کو ہدایت دی کہ وہ باقی ماندہ کام جلد مکمل کریں تاکہ تمام علاقوں کا احاطہ کیا جا سکے۔ اُنہوں نے پنچایت لرننگ سینٹروں(پی ایل سیز) کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا اور ضلع کپواڑہ کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اَپنا زیرِاِلتوأ سینٹر فعال کرے۔سیکرٹری نے ماڈل وومن فرینڈلی پنچایتوں کے اقدام کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ سہ ماہی ڈیٹا کو ریاستی سطح پر اچھی طرح جانچ اور توثیق کر کے بروقت جمع کیا جائے۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت تک 20 ایسی پنچایتیں قائم کی جا چکی ہیں اور مزید کام جاری ہے۔اُنہوں نے آڈٹ کی تکمیل کے معاملے پر اے سی پیز کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ پورٹل سے مالی برس 2021-22 ء کی آڈِٹ آن لائن رپورٹس ڈاؤن لوڈ کریں اور مقررہ وقت میں فوری کارروائی کریں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر دیہی ترقی محکمہ کشمیر و جموں شبیر حسین بٹ اور شہناز اختر، ڈائریکٹر پنچایتی راج شیام لال، ڈائریکٹر فائنانس عمر خان، سپرِنٹنڈنگ اِنجینئرزآر اِی ڈبلیو کشمیر و جموں، ڈپٹی سیکرٹری طاہر احمد ماگرے، اے سی پیز بی ڈی اوز اور ایگزیکٹیو انجینئر وں نے شرکت کی۔