سری نگر//سیکرٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگ عبدالمجید نے گورنمنٹ پریس سیمپورہ کا دورہ کیا اور وہاں دو کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے آفس کم سٹور بلاک کے جاری تزئین و آرائش کاموں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری کے ہمراہ جنرل منیجر گورنمنٹ پریس اعجاز احمد آخون اور دیگر متعلقہ اَفسران تھے۔نئے تجدید شدہ آفس مع سٹور بلاک کا معائینہ کرتے ہوئے سیکرٹری نے متعلقہ ایگزیکٹیو ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار میں سرعت لا کر عمارت کو جلد سے جلد محکمہ کے حوالے کرین۔سیکرٹری نے کہا کہ گورنمنٹ پریس سری نگر محکمہ جات کے تقاضوں کو پورا کرنے کے ذریعے سٹیٹ ایڈمنسٹریشن میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔عبدالمجید نے رواں مالی سال کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ طلب کی جس کے لئے محکمہ خزانہ نے فنڈس پہلے ہی جاری واگزار کئے ہیں ۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران سے مزید کہا کہ آفس کم سٹور بلاک کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے تمام زیر اِلتوأ کاموں جیسے میکنیکل ، بجلی وغیرہ کو مکمل کریں۔اِس موقعہ پر سیکرٹری نے ملازمین مسائل بغور سنا اورملازمین کی جانب سے اُٹھائے گئے جائز مسائل کے ازالے کے لئے یقین دہانی کرائی۔اِس کے علاوہ تمام اہل ملازمین کی محکمہ جاتی پروموشن کا بروقت اِنعقاد کرنے پر زور دیا ۔اُنہوں نے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ وبائی مہلک بیماری سے بچنے کے لئے مناسب طرز عمل اختیار کریں۔










