راجوری//سیکرٹری اِمدادِ باہمی ببیلارَکوال نے سندربنی بلاک کے بجابین میں ایک عوامی رابطہ پروگرام کا اِنعقاد کیا۔اُن کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اوم پرکاش بھگت کے علاوہ دیگر متعلقین بھی تھے۔ عوامی دربار میں عوامی اہمیت کے متعدد مسائل اُٹھائے گئے جن میں اہم مسائل کو حل کیا گیا۔ سیکرٹری اِمدادِ باہمی نے مقامی کمیونٹی کی طرف سے سامنے لائے گئے اہم مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت کی اوّلین ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بنیادی سہولیات اور خدمات عام لوگوں تک مؤثر ،بروقت اور شفاف طریقے سے پہنچائی جائیں۔ببیلارکوال نے حاضرین کے مسائل کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ اُن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے حکومتی اِداروں کے اَندر شفافیت اور جوابدہی کے عزم پر زور دیا اور ان اصولوں کو یقینی بنانے میںکی گئی اہم پیش رفت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے متعدد سرکاری سکیموں کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کی رسائی میں خاطر خواہ اِضافہ ہوا ہے۔سیکرٹری اِمداد ِ باہمی نے عوام کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بڑھانے میں اِمدادِ باہمی تحریک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اِقتصادی ترقی اور سماجی فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے پرائمری ایگری کلچرل کریڈٹ سوسائٹیوں کے کمپیوٹرائزیشن کی اہمیت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ کوآپریٹیوتشکیل دیں کیوں کہ وزارتِ کوآپریٹیو اِس میں نئے اِقدامات کر رہی ہے۔بعد میں ’اُنہوں نے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ‘مہم کے تحت بیداری پیدا کرنے کے لئے نوزائیدہ بچوں کی ماؤں میں بچوں کی دیکھ ریکھ کی کٹس بھی تقسیم کیں۔عوامی دربار میں ڈی ڈی سی ممبر سندربنی راجندر شرما ، اے ڈی سی سندربنی راجیو مگوترا، جی ایم ڈی آئی سی فرید کوہلی، سی پی او مقصود احمد، سی ایم او ڈاکٹر منوہر رانا، ایل ڈی ایم سنجیو بھسین، ڈی ایس ڈبلیو او عبدالرحیم، ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹیوز عدنان راتھر، اے ڈِی ایف سی ایس اینڈ سی اے روہت کمار، ایگزن پی ڈِی ڈِی راجوری محمد راشد، ایگزن پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) نوشہرہ وی کے رینہ،ایگزن جل شکتی نوشہرہ بپن کمار اور دیگر متعلقہ ضلعی اور سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔










