سری نگر//سیکرٹری اَمور نوجوان و کھیل کود محکمہ سرمد حفیظ نے تنظیم نو نیشنل یوتھ فیسٹول 2024ء اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کے پیش نظر محکمہ کے سینئر اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں آئندہ میگا ایونٹ کے حوالے سے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر نیشنل یوتھ فیسٹول کے جوہر کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اِس بار یہ فیسٹول بہت سے نئے سرگرمیوںکے ساتھ منعقد کیا جارہا ہے اور اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو قومی سطح کے ایونٹ میں حصہ لینے کے کافی مواقع ملیں گے ۔ فیسٹول کے مختلف اجزأ میں کھیلوں کی تقریبات، ثقافتی سرگرمیاں، مباحثے، دستکاری کی نمائش، ضیافتیں وغیرہ شامل ہیں۔سرمد حفیظ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ساتھ 6 دیگر ریاستوںاور یوٹیز کو ’’ایک بھارت شریشٹھہ بھارت‘‘ کا تھیم دیا گیا ہے اور افسروں کو اس بات کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے کہ جموںوکشمیر یوٹی کی بھرپور ثقافت،ضیافتوں اور دستکاریوںکو فیسٹول میں مناسب طریقے سے پیش کیا جائے۔سیکرٹری موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ یہ فیسٹول ہمارے نوجوانوں کو اَپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے ، خیالات کا تبادلہ کرنے اور ایک بڑے پلیٹ فارم پر مختلف ثقافتی ، سماجی اور کھیل سرگرمیوں میں مشغول ہونے کے کافی مواقع فراہم کرے گا۔ یووا کریتی تنظیم نو قومی یوتھ فیسٹول کا ایک اہم جزو ہونے کی وجہ سے نوجوان شرکأ کو یوٹی کے مختلف حصوں میں دستکاری، ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات کو سمجھنے اور ان کی تعریف کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ہمیں اس سالانہ تقریب میں اپنا حصہ اَدا کرنے اور اپنے یوٹی کو دیگر ریاستوںیوٹیز کے مقابلے میں نمایاں کرنے کے لئے کچھ آؤٹ آف باکس آئیڈیاز تلاش کرنے چاہئیں۔‘‘سرمد حفیظ نے اِمور نوجوان و کھیل کود محکمہ کے اَفسروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی شرکت سے متعلق تمام تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں اور ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ لڑکوں اور لڑکیوںکی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے۔سیکرٹری موصوف نے ماتحت افسران کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی وزارتِ اَمورِ نوجوان و کھیل کی جانب سے شروع کئے گئے ’’ یووا پورٹل‘‘ کے ذریعے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کے تمام اِمکانات تلاش کریں۔سرمد حفیظ نے شراکت داروں کے لئے پورٹل کے بارے میں معلومات پیدا کرنے کے لئے استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی جو اس پلیٹ فارم کو نوجوانوں سے متعلق خدمات اور مسائل کے لئے وَن سٹاپ پورٹل بنانے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ گاندھی جینتی کے موقعہ پر نیشن وائیڈ فٹ انڈیا سوچھتافریڈم رَن شروع کیا جائے گا اور محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ جموںوکشمیر یوٹی کے تمام 20 اَضلاع میں نوجوانوں کے لئے واک تھون، دوڑ اور تاریخی واک کااِنعقاد کیا جائے۔میٹنگ میں اَمور نوجوان و کھیل کود محکمہ ، سپیشل سیکرٹریز ، ایڈیشنل سیکرٹریز اور محکمہ کے جوائنٹ ڈائریکٹروں نے شرکت کی۔










