سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ نے سپورٹس فیسٹول کو کھلا رکھنے کا اعلان کیا

گاندربل//سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ نے گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن کالج گڈورہ گاندربل میں پہلے اِنٹر کالج سپورٹس فیسٹول کو کھلا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جموںوکشمیر یوٹی کے کھیلوں سے محبت کرنے والے عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ بنانے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس طرح کی تقریبات نوجوانوں اور بالخصوص طلباء کو اَپنی چھپی ہوئی کھیل صلاحیتوں کی نمائش کرنے کے کافی مواقع فراہم کرتی ہیں۔اِس موقعہ پر سیکرٹری موصوف کے ہمراہ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جموںوکشمیر سباش سی چھبر، جے ڈی وائی ایس ایس بشیر احمد ، کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ہرتیج سنگھ ، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اَفسران ، ایس او اسٹیبلشمنٹ حاجی اعجاز احمد اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران اور متعلقین بھی موجودتھے۔’’محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن کو اِس وسیع او رشاندار کالج کیمپس میں 12 ؍ اکتوبر 2022ء سے 19 ؍ اکتوبر 2022ء تک فیسٹول کے اِنعقاد کا اعزاز عطا کیا۔‘‘ان باتوں کا اِظہار ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے ایک پرکشش تھیم ’’کھیلوں سے صحت مند کمیونٹی کی تشکیل ‘‘کے تحت منعقد کئے جانے والے ہفتہ بھر میلے کی افتتاحی تقریب میں خطبہ استقبالیہ پیش کرنے کے دوران کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ فٹ بال ( مرد) ، والی بال ( مرد او رخواتین)، باسکٹ بال ( مرد اور خواتین ) ، کھو کھو ( مرد اور خواتین ) اور ٹیبل ٹینس ( خواتین ) کے 8 مقابلوں کے شاندار اِمتزاج کی تصدیق کرتا ہے۔اِفتتاحی تقریب میں صوبہ کشمیر کے جی سی او پی اِی سمیت 27 شرکأ کالجوں او رضلع گاندربل کے مختلف سکولوں سے تقریباً 3,000افرادنے شرکت کی۔ اِس عظیم الشان میلے کا اِنعقاد طلباء کو اِن کی استعداد کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے کیا جارہا ہے۔اِس موقعہ پر مختلف کالجوں کے طلباء کی جانب سے منشیات کے خلاف عہد بھی لیا گیا او رثقافتی پروگرام پیش کئے گئے ۔اِفتتاحی تقریب کی کارروائی اَظہر حاجنی اور کالج کے ایک طالب علم نے مشترکہ طور پر اَنجام دی۔پرنسپل گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ہرتیج سنگھ نے تمام معززین کا شکریہ اَدا کیا جنہوں نے اَپنا قیمتی وقت صرف کیا اور کالج کے لئے صوبائی سطح پر کھیلوں کے ایونٹ کا اِنعقاد ممکن بنایا ۔ اُنہوں نے تمام اَفسران ، طلباء ، میڈیا اَفراد او ردیگر تمام شعبہ جات کی بھی تعریف کی جنہوں نے اَپنی موجودگی سے تقریب کو رنگا رنگ اور خوشگوار بنایا۔