سیکرٹری آئی ٹی نے سول سیکرٹریٹ میں کلیدی اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا

سیکرٹری آئی ٹی نے سول سیکرٹریٹ میں کلیدی اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا

جموں//سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر پیوش سنگلا نے سول سیکرٹریٹ جموں میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ کی طرف سے عملائی جا رہی مختلف ڈیجیٹل اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں سی ای او جموںوکشمیر اِی۔گورننس ایجنسی مہیما مدن، ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی دیویندر سنگھ بھاؤ، سینئر ڈائریکٹرنیشنل اِنفارمیٹک سینٹرانیل کمار شرما کے علاوہ محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور جے کے اِی جے اے کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔دورانِ میٹنگ متعدد اہم منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جن میں سول سیکرٹری جموں میں ایل اے این نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن، سرکاری دفاتر میں وائی فائی کنکٹویٹی کو مضبوط بنانا اور وزیر اعلیٰ انٹرن شپ سکیم کی عمل آوری سے متعلق پیش رفت شامل تھی۔ڈاکٹر پیوش سنگلا نے مؤثر طرز حکمرانی اور سرکاری محکموں کے درمیان ہموار رابطے کے لئے مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ نیٹ ورک اپ گریڈیشن سے متعلق جاری کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور سیکرٹریٹ میں رابطہ نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔سیکرٹری موصوف نے چیف منسٹر اِنٹرن شپ سکیم کی پیش رفت اور اس کی عمل آوری کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اقدام یونین ٹیریٹری کے نوجوانوں کو عملی تجربہ اور مہارت کے فروغ کے قیمتی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔میٹنگ میں موجود افسران نے مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور باقی ماندہ کاموں کی تکمیل کے لئے مقررہ مدت کے بارے میں سیکرٹری کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر پیوش سنگلا نے تمام عمل آوری ایجنسیوں کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اقدامات کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے اور جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل حکمرانی کے نظام کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔