selfie point pahalgam

سیلفی پوائنٹ ننون پہلگام سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز

سرینگر/// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام ان دنوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے، ملک و بیرونی ممالک سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں سیاح پہلگام وارد ہو رہے ہیں، سیاح پہلگام کے صحت افزا مقامات بشمول بیسرن، آڑو، بیتاب ویلی، چندن واڑی کی سیرو تفریح کرکے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ وہیں سیاح، سیرو تفریح کے ساتھ ساتھ ننون پہلگام کے سیلفی پوائنٹ پر پر چند لمحات گزار کر اپنے سفر کو یاد گار بناتے ہیں۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ننون پہلگام کا خوبصورت سیلفی پوائنٹ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ سیاح واپس لوٹنے سے قبل اس جگہ پر خوب تصویریں کھینچ کر اپنی حسین یادوں کو کیمروں میں قید کرتے ہیں، اور یہ سیلفی پوائنٹ گزشتہ کئی برسوں سے سیاحوں کی نئی پسندیدہ جگہ بن گئی ہے، اس جگہ سے پہلگام کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر مزید فروغ مل رہا ہے کیونکہ سیاح سوشل میڈیا پر تصاویر کو شیئر کرتے ہیں اور بعض سیاح اپنے دوست و احباب کے ساتھ اس جگہ پر ویڈیو کالنگ کے ذریعے ہم کلام ہوتے ہیں۔سیاحوں نے وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام، وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات میں ان کی سب سے پسندیدہ جگہوں میں سے ایک ہے، یہاں کے دلکش مناظر انہیں اپنی جانب مبذول کرتے ہیں، خاص کر ننون سیلفی پوائنٹ پر گزارنے والے لمحات سے ان کے جسم و ذہن تر و تازہ ہو جاتے ہیں، بلکہ اس جگہ پر سیلفی لینے اور تصاویر کھینچنے سے ان کا سفر یادگار بن جاتا ہے۔، ’’کشمیر واقعی جنت سے کم نہیں ہے۔‘‘ یہاں آکر ان سیاحوں کا خواب پورا ہو گیا ہے، ان کا ماننا ہے کہ ’’جس نے زندگی میں ایک بار کشمیر نہیں دیکھا اس نے کچھ نہیں دیکھا۔‘‘ سیاحوں نے کہا کہ ’’یہاں کی خوبصورتی اتنی متاثر کن ہے کہ سیرو تفریح سے من نہیں بھرتا۔‘‘ سیاحوں کا کہنا ہے کہ وہ یہاں دوبارہ آنے کی خواہش لئے لوٹ جاتے ہیں۔