Lt Governor with Er Aijaz Hussain, Member DDC Srinagar

سیاسی رہنما ، ممبر ڈی ڈی سی سرینگر نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی

جموں//سینئر بی جے پی لیڈر شلیندر وید ، ضلع ترقیاتی کونسل سرینگر کے ممبر انجینئر اعجاز حسین نے راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ پتنی ٹاپ ہوٹل اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے شلیندر وید نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور کُد اور پتنی ٹاپ کو جموں و کشمیر کے پسندیدہ سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے سے متعلق مختلف مسائل اٹھائے ۔ مسٹر وید نے لفٹینٹ گورنر کے سامنے کئی مطالبات اور مسائل پیش کئے جن میں پتنی ٹاپ رنگ روڈ اور کسل موڑ تا ناگ مندر سڑک پر نالیوں کی مرمت ، پتنی ٹاپ اور گاؤں کرلہ میں پانی کی بہتر فراہمی ،سیاحتی موسم میں ٹریفک کے انتظام کو بہتر بنانا اور رنگ روڈ کو چوڑا کرنے کے علاوہ پارکنگ کیلئے مخصوص جگہوں کی تخلیق ، ایڈونچر اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینا جیسے پتنی ٹاپ پر پیرا گلائیڈنگ ، کد سے سنا سر تک ہر موسم والی سڑک اور کد سے بٹوت تک ٹنل شامل ہیں ۔ انہوں نے لفٹینٹ گورنر کے ساتھ ماسٹر پلان کے مسودے پر نظر ثانی ، تبتی ثقافت کے فروغ اور خطے کی سیاحت کے امکانات کو مزید تلاش کرنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ۔ مسٹر وید کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ جموں و کشمیر کی غیر استعمال شدہ سیاحتی صلاحیتوں کو مکمل طور پر تلاش کرنے کیلئے کام کر رہی ہے اور موجودہ سیاحتی مقامات کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے اس کے علاوہ نئے مقامات کی نشاندہی کر کے انہیں سیاحتی نقشے پر لایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ملاقات کے دوران ان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر مناسب غور کیا جائے گا ۔ بعد میں ڈی ڈی سی کے رُکن انجینئر اعجاز حسین نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں ڈی ڈی سی سرینگر کے کام کاج سے آگاہ کیا اس کے علاوہ جموں و کشمیر بھر کے ہسپتالوں میں بائیو میڈیکل انجینئرز کیلئے آسامیاں پیدا کرنے اور نوجوانوں کیلئے روز گار کے مزید مواقع پیدا کرنے سے متعلق لوگوں کے مطالبات کو بھی پیش کیا ۔ انہوں نے لفٹینٹ گورنر کے ساتھ دیہی سڑکوں کی مناسب دیکھ بھال اور دیہی علاقوں میں بلاک ڈیولپمنٹ دفاتر کے ذریعہ پیدائش کے سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کے علاوہ جموں و کشمیر کی شیعہ برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے ڈی ڈی سی ممبر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے تمام مسائل اور مطالبات کو سنا اور یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو مرحلہ وار طور پر حل کیا جائے گا ۔