سابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوربھ گنگولی نے پی ٹی آئی کو دیے گئے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں کہا کہ ’’مجھے سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے انٹرویو کے دوران خواہش ظاہر کی کہ اگر انہیں ہندوستانی ٹیم کا کوچ بننے کا موقع ملے گا تو وہ اس سے انکار نہیں کریں گے۔ کوچنگ کے سوال پر سوربھ گنگولی نے کہا کہ ’’میں نے مختلف کردار ادا کیے ہیں۔ میں پہلے بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن (سی اے بی) کا صدر بنا اور پھر بی سی سی آئی کا صدر بنا۔ مجھے کبھی وقت نہیں ملا، لیکن دیکھتے ہیں مستقبل میں کیا ہوتا ہے۔ میری عمر اس وقت 50 سال ہے اور اگر مجھے موقع ملا تو ہندوستانی ٹیم کا کوچ بننے کو تیار ہوں۔ دیکھتے ہیں مستقبل میں کیا ہوتا ہے۔‘‘
پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے سوربھ گنگولی نے گوتم گمبھیر کی کوچنگ کے بارے میں کہا کہ ’’وہ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔ ان کی شروعات تھوڑی دھیمی رہی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی لیکن اس کے بعد ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کا خطاب اپنے نام کیا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز ان کے لیے بڑی ہونے والی ہے۔ میں نے ان کے ساتھ کام نہیں کیا لیکن وہ ایک جنونی شخصیت کے حامل انسان ہیں۔ میں ان کے ساتھ کھیلا ہوں، وہ ایک بہترین انسان ہیں اور سینئر کی بہت عزت کرتے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سابق کپتان سوربھ گنگولی کا کرکٹ کیریئر تقریباً 16 سال تک جاری رہا۔ انہوں نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 1992 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا اور 1996 میں انگلینڈ کے لارڈز گراؤنڈ پر ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ سوربھ گنگولی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 113 ٹیسٹ میں 7212 اور 311 ون ڈے میں 11363 رنز بنائے۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 16 سنچریاں اور ون ڈے میں 22 سنچریاں اسکور کیں ہیں۔ وہ 2000 میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان بنے۔ ان کی کپتانی میں ہندوستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، بیرون ملک کئی تاریخی ٹیسٹ میچ جیتے اور 2003 کے ون ڈے عالمی کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ 2008 میں انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
