گلمرگ / /سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے گلمرگ کے سیاحت کے اسٹیک ہولڈرز کیلئے صلاحیت سازی کے پروگرام کا آغاز کیا ۔ اس پروگرام کا اہتمام محکمہ سیاحت اور کشمیر یونیورسٹی نے مرکزی وزارت سیاحت کے اشتراک سے مشترکہ طور پر کیا تھا ۔ یہ محکمہ کی طرف سے کی جانے والی صلاحیت سازی کے پروگراموں کی سیریز کا دوسرا پروگرام ہے ۔ قبل ازیں محکمہ کی جانب سے شکارہ والوں کیلئے سرینگر میں چار روزہ صلاحیت سازی کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا ۔ ان پروگراموں کے انعقاد کا مقصد اسٹیک ہولڈرز کو وبائی امراض کے بعد کے ماحول میں اپنا کاروبار کرتے ہوئے کووڈ 19 کے مناسب پروٹوکول کے نفاذ پر رہنمائی کرنا ہے ۔ سرمد حفیظ نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ یہ پروگرام سیاحت کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کواپنی کاروباری سرگرمیاں کرتے ہوئے کووڈ 19 پروٹوکول کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیپسٹی بلڈنگ پروگرام کے ذریعے سیاحت کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک پولڈرز کو تربیت فراہم کی جائے گی تا کہ کشمیر آنے والے سیاح یہاں آ کر خود کو محفوظ محسوس کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے ساتھ انٹر فیس رکھنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کووڈ 19 پروٹوکولز اور ایس او پیز پر اس صلاحیت سازی پروگرام کے ذریعے تربیت دی جائے گی ۔ سرمد حفیظ نے کہا کہ عالمی وبائی امراض کے بدلے ہوئے ماحول میں تجارتی طریقوں میں تبدیلی آئی ہے اور روز مرہ کے کاروبار کو چلاتے ہوئے بھی اسی کو مدِ نظر رکھنا چاہئیے ۔ متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے شرکاء کو کووڈ وبائی امراض اور پچھلے دو برسوں کی معاشی سست روی کے تناظر میں تجارت میں تازہ ترین طریقوں اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا ۔










