جی ڈی سی سوگام میں اَرتھ سائنس بلاک اورجی ایچ ایس ایس ٹیکی پورہ میں رہائشی کوارٹروں کا اِفتتاح
لولاب ( کپواڑہ)//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود اِیتو نے آج ضلع کپواڑہ کے لولاب سب ڈویژن کا تفصیلی دورہ کیا جس کے دوران اُنہوں نے جی ڈی سی سوگام اور جی ایچ ایس ایس ٹیکی پورہ میں کچھ ترقیاتی پروجیکٹوںکا اِفتتاح کیا، صحت سہولیات کا معائینہ کیا اورعوام الناس سے استفسارِی گفتگو کی۔

وزیر موصوفہ نے گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈی سی) سوگام میں ایم ایل اے لولاب قیصر جمشید لون اور ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈن کی موجودگی میں ارتھ سائنس بلاک کا اِفتتاح کیا ۔یہ عمارت 304.70 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے جی ڈی سی میں ارتھ سائنس بلاک کے اِفتتاح کے لئے پرنسپل، ایم ایل اے اور ضلعی اِنتظامیہ کو مُبارک باد پیش کی جس سے متعلقہ مضامین کا اِنتخاب کرنے والے طلبأکو سہولیت ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم ایک اہم جزو ہے جو کمیونٹی کے مختلف مسائل کو حل کرتا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت جموں و کشمیر بالخصوص لولاب جیسے دُور دراز علاقوں میں تعلیمی منظر نامے کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔بعد میں سکینہ مسعود اِیتو نے جی ڈی سی کے کانفرنس ہال میں پرنسپل شمیم احمد ڈار اور کالج کے عملے سے بات چیت کی۔دورانِ بات چیت پرنسپل نے کالج سے متعلق متعدد مطالبات اور مسائل پیش کئے جن میں ٹیچنگ فیکلٹی کی خالی اَسامیوں کو پُر کرنا، اسامیوں کو معرض وجود میں لانااورسٹاف کوارٹر کی تعمیر شامل ہیں۔اُنہوں نے مسائل کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔اُنہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ٹیکی پورہ میں 55 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے رہائشی کوارٹر کا بھی اِفتتاح کیا۔

اِس موقعہ پر ایم ایل اے لولاب، ضلع ترقیاتی کمشنرکپواڑہ اور ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر بھی موجود تھے۔بعد ازاں،وزیر موصوفہ نے این ٹی پی ایچ سی ٹیکی پورہ اور ایس ڈی ایچ سوگام کا معائینہ کیا جس کے دوران اُنہوں نے ڈاکٹروں سے بات چیت کی اورصحت سہولیات کے کام کاج کے بارے میں دریافت کیا۔اُنہوں نے ٹیکی پورہ لولاب میں عام لوگوں کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن بھی منعقد کیا اور اُن کے ترقیاتی مسائل سنے ۔اُنہوں نے اُنہیں اُن کے حقیقی مسائل کے بروقت اور فوری حل کی یقین دہانی کی۔










