سرینگر //وزیر صحت اور طبی تعلیم ، سوشل ویلفئیر اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے کٹھوعہ میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کی وجہ سے ہوئے جانی و مالی نقصان پر دُکھ کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ اس دردناک سانحے نے جموں و کشمیر کی ہر انسانی روح کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور متعدد خاندانوں کو تباہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے ہمت اور طاقت کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔ محترمہ سکینہ نے کہا کہ ایسے غم کے لمحات میں الفاظ کم ہو جاتے ہیں ۔ میرے خیالات اور دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ انتظامیہ کو تمام متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کیلئے متحرک کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بروقت راحت اور بحالی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔










