سکینہ ایتو نے ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ کا دورہ کیا ، کام کاج کا جائیزہ لیا

سکینہ ایتو نے ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ کا دورہ کیا ، کام کاج کا جائیزہ لیا

ہسپتال میں کینسر وارڈ ، جن آشودھی کیندر کا افتتاح کیا

بانڈی پورہ//وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے آج شمالی کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم اقدام کے طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ کا دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے جن آشودھی کیندر کا افتتاح کیا جس کا مقصد عوام کو سستی ادویات فراہم کرنا ہے اور ایک نئے قائم شدہ کینسر وارڈ کو بھی ضلع کے لوگوں کیلئے وقف کیا ۔ توقع کی جاتی ہے کہ ان سہولتوں سے مریضوں خاص طور پر معاشی طور پر کمزور افراد کو کافی فائدہ پہنچے گا ۔ وزیر موصوفہ نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا ، مریضوں اور ہسپتال کے عملے سے بات چیت کی اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت دیہی اور نیم شہری علاقوں میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے بانڈی پورہ مسٹر نظام الدین بھٹ ، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ، ڈائریکٹر ہیلتھ اروسز کشمیر اور ڈائریکٹر فیملی دیلفئر بھی تھے ۔ انہوں نے جاری کاموں کا جائیزہ لیا اور صحت اور خاندانی بہبود کی اسکیموں کے تحت مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ نے ہسپتال کے کام کاج کے بارے میں جامع جائیزہ پیش کیا اور حالیہ بہتری اور موجودہ خلاء دونوں پر روشنی ڈالی جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر وزیر موصوفہ نے نچلی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کو مستحکم کرنے کیلئے حکومت کے وژن پر زور دیا ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا ۔