پنچھن پتھری کو سیاحوں کی منزل کے طور پر ترقی دی جائے گی
کلگام//وزیر برائے صحت ، میڈیکل ایجوکیشن ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے کلگام ضلع کے پنچھن پتھری میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا تا کہ وہاں کے مقامی لوگوں کے ترقیاتی امور اور ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ عوامی دربار میں ہمپتھری ، پنچھن پتھری اور ملحقہ دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں رہائشیوں نے شرکت کی ۔ عوامی دربار میںایم ایل اے زینہ پورہ شوکت حسین گنائی ، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر کشمیر ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور دیگر سیکٹرل اور بلاک سطح کے افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر موصوفہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر عمر عبداللہ کی سربراہی میں حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ لوگوں کی سماجی و معاشی ترقی پر مرکوز ہے اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے پنچھن پتھری علاقے کی سیاحت کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اعلان کیا کہ اس علاقے کو جموں و کشمیر کے دیگر موجودہ سیاحتی مقامات کی طرز پر ترقی دی جائے گی ۔ محترمہ سکینہ نے کہا کہ ہم اس علاقے کی جامع ترقی اور سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں جو یہاں کے نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرے گا ۔ عوامی دربار کے دوران مقامی لوگوں نے مختلف ترقیاتی ضروریات اور مسائل سے وزیر موصوفہ کو آگاہ کیا اور ان کے ازالے کا مطالبہ کیا ۔ وزیر موصوفہ نے متعدد شکایات اور مسائل کو دور کرنے کیلئے موقع پر ہی افسران کو ہدایات جاری کیں اور دیگر مسائل کے بارے میں لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو ہمدردانہ طور پر حل کیا جائے گا ۔ ایم ایل اے زینہ پورہ نے بھی عوامی دربار سے خطاب کیا ۔










