اننت ناگ//وزیر صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے گورنمنٹ ڈگری کالج ( گی ڈی سی ) مٹن اور پرائمری ہیلتھ سنٹر ( پی ایچ سی ) مٹن کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھا ، جس کا مقصد عوام کیلئے اعلیٰ تعلیم اور بہتر طبی سہولیات تک رسائی کو وسعت دینا ہے ، جو موجودہ حکومت کی گورننس کی بنیاد ہیں ۔ اس موقع پرایم ایل اے شانگس ۔ اننت ناگ ایسٹ ریاض احمد خان ، ایم ایل اے ویسٹ عبدالمجید بھٹ لارمی ، ڈائریکٹر سماجی بہبود کشمیر ، ڈایریکٹر کالجز ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ضلع انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران ، طلباء اور بڑی تعداد میں مقامی افراد موجود تھے ۔ کالج کی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے تمام شعبوں میں ، خاص طور پر دیہی اور نیم شہری علاقوں میں منصفانہ ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی وابستگی کا اعادہ کیا ۔ انہوں ن ے کہا ’’ تعلیم اور صحت ایک ترقی پسند معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ مٹن میں ایک ڈگری کالج اور ایک مکمل صحت مرکز قائم کرنا اس علاقے اور اس کے آس پاس کے نوجوانوں کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ہر شہری کیلئے قابل رسائی صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے ہمارے وژن کی عکاسی کرتا ہے ۔ ‘‘ وزیر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ کالج کے طلباء کیلئے بس کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی کیونکہ یہ کالج ایک وسیع علاقے کی ضروریات پوری کرتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلے تعلیمی سیشن سے کالج میں سائنس سٹریم بھی شروع کی جائے گی اور طلباء کی ضروریات کے مطابق دیگر سٹریم بھی شروع کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر مٹن کی نئی عمارت کو بہترین تشخیصی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تا کہ مقامی سطح پر بروقت اور جدید طبی توجہ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ایم ایل اے شانگس ۔ اننت ناگ ایسٹ اور ایم ایل اے اننت ناگ ویسٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ بعد میں وزیر نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ( ایس ڈی ایچ ) سیر کا دورہ کیا اور نئی قائم کردہ فزیوتھراپی یونٹ کا افتتاح کیا ۔










