سکینہ ایتو نے دیو سر کلگام میں نئے تعمیر شدہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کیا

دیہی اور دور دراز علاقوں میں صحت کے ڈھانچے کو وسعت دینے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا

کلگام//وزیر صحت و میڈیکل ایجوکیشن ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے دیو سر کلگام کا دورہ کیا اور نئے تعمیر شدہ پرائمری ہیلتھ سینٹر ( پی ایچ سی ) کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ایم ایل اے دیو سر پیر زادہ فیروز احمد ، ضلعی انتظامیہ اور صحت کے شعبے کے سینئر افسران کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ نیا پی ایچ سی مقامی آبادی کو ان کے قریب ہی قابلِ رسائی اور معیاری صحت کی خدمات فراہم کر کے بہت فائدہ پہنچائے گا ۔ انہوں نے دیہی اور دور دراز علاقوں میں صحت کے ڈھانچے کو وسعت دینے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تا کہ کوئی بھی بنیادی طبی سہولیات سے محروم نہ رہے ۔ حکومت کی طرف سے صحت کے شعبے میں شروع کئے گئے چند قابل ذکر اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے صحت کے عملے سے گذارش کی کہ وہ لوگوں کی خدمت میں لگن اور تندہی سے کام کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت شفافیت ، جوابدہی اور عوام دوست رویے کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے تمام خطوں میں جامع ترقی کیلئے پرعزم ہے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے دیو سر پیر زادہ فیروز احمد شاہ نے کہا کہ دیو سر میں پی ایچ سی علاقے میں صحت کی خدمات کو نمایاں طور پر بڑھاوا دے گا ۔ انہوں نے علاقے کی مجموعی ترقی کیلئے مسلسل کوششوں کی یقین دہانی کرائی اور وزیر سے حلقے میں ہسپتالوں اور اسکولوں کی اپ گریڈیشن کی درخواست بھی کی ۔ بعد ازاں وزیر نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے علاقے کی ترقی سے متعلق مختلف مسائل اور مطالبات کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل اور خدشات کو فوری طور پر حل کیا جائے گا ۔