سکینہ ایتو نے جموں کے جی سی ای ٹی میں آئی ایس ایم پر قومی تکنیکی کانفرنس سے خطاب کیا

کینٹین بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا ،کالج کے پی آر آئی ایس ایم پورٹل کا افتتاح کیا

جموں//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے قومی تکنیکی کانفرنس برائے انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن ( آئی ایس ایم ) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایک طاقتور ہتھیار ہے جو دنیا کی حرکیات کو بدل سکتا ہے اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز اب مستقبل ہیں ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر موصوفہ نے گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ( جی سی ای ٹی ) جموں میں قومی تکنیکی کانفرنس انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن ( آئی ایس ایم ) سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ کانفرنس جی سی ای ٹی جموں کی جانب سے آئی آئی ٹی کھڑگپور کے تکنیکی تعاون اور مرکزی وزارت الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ صنعت و تجارت کے قریبی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے ۔ ایم ایل اے نگروٹہ دیوانی رانا ، کمشنر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ، آئی ایس ایم کے ڈائریکٹر ٹیکنالوجی ، ڈائریکٹر اور پرنسپل جی سی ای ٹی جموں ، آئی آئی ٹی جموں کے ماہرین ، کالج کے سینئر فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سکینہ نے کہا کہ تعلیم ایک بہت طاقتور ہتھیار ہے جو دنیا کے کسی بھی پہلو کو تبدیل کر سکتی ہے اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز مستقبل ہیں اور ہماری زندگیاں ان چیزوں سے گھری ہوئی ہیں ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی معاشی ترقی ، تکنیکی خود انحصاری اور مستقبل کیلئے تیار افرادی قوت کی تشکیل میں سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر زور دیا ۔اس موقع پر وزیر نے کالج کے کینٹین بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا اور کالج کا پی آر آئی ایس ایم پورٹل کا افتتاح کیا ۔ پی آر آئی ایس ایم پورٹل ایک مربوط تعلیمی اور امتحانی نظام ہے جو طلبہ اور فیکلٹی کیلئے فائدہ مند ہے ۔ وزیر نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم کی ابھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق صنعت سے ہم آہنگ نصاب ، تحقیق کو فروغ دینے اور ہنر مند ٹیلنٹ کی پرورش میں کلیدی کردار ادا کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے انجینئرنگ اداروں میں اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا تا کہ تحقیق کو پیمانے پر قابل حل میں تبدیل کیا جا سکے ۔ جی سی ای ٹی جموں کی میز بانی کی تعریف کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز علم کے تبادلے ، پالیسی مکالمے اور طلبہ و فیکلٹی کو جدید ٹیکنالوجیز میں سماجی ترجیحات سے آگاہی فراہم کرتی ہیں ۔ اپنی تقریر میں نگروٹہ کی ایم ایل اے دیوانی رانا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے طلبہ اور نوجوان بہت ہی قابل ہیں اور انہوں نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیت ثابت کی ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو اس کانفرنس میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی کیونکہ چپ ڈیزائن اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز مستقبل کی ملازمتوں اور جدت کے کلیدی محرک ہوں گی ۔ ہائیر ایجوکیشن کے کمشنر سیکرٹری نے اپنی تقریر میں جموں و کشمیر کیلئے اس ادارے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے ڈائریکٹر نے اپنی تقریر میں آئی ایس ایم کے مقاصد کے بارے میں تفصیل سے بات کی ۔ اپنے خیر مقدم خطاب میں جی سی ای ٹی کی ڈائریکٹر اور پرنسپل نے سامعین کو اس نیشنل کانفرنس کی وسیع تر خطوط سے آگاہ کیا ۔ کانفرنس میں تکنیکی سیشنز ، ماہرین کے لیکچرز اور اکیڈمیشنز ، صنعت کے ماہرین اور پالیسی سازوں کے ساتھ انٹر ایکٹو مباحثے شامل ہوں گے جو انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے مواقع اور چیلنجز پر توجہ مرکوز کریں گے ۔