سکول کے کام کاج کا موقعہ پر جائزہ لیااور طلبأ و عملے کے ساتھ بات چیت کی
سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول (جی جی ایچ ایس)درگجن ڈلگیٹ کا اچانک دورہ کیا اور سکول کے مجموعی کام کاج کا موقعہ پر جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ کے ہمراہ ناظم سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو، سی ای او سری نگر، زیڈ اِی او نشاط اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔وزیر سکینہ اِیتو نے دورے کے دوران سکول کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائینہ کیا جن میں کلاس رومز، کمپیوٹر لیب اور دیگر بنیادی سہولیات شامل تھیں۔ اُنہوں نے طلبأ سے روبرو بات چیت کی اور سکول میں دِی جانے والی تعلیم کے معیار کے بارے میں ان سے تاثرات حاصل کئے۔ اُنہوں نے طالبات کو تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے کی تلقین کی اور سکول اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی کارکردگی اور بنیادی ڈھانچے میں کسی بھی خلأ کی نشاندہی کریں اور اُن کو دور کریں۔۔موجود خامیوں کی بروقت نشاندہی اور اصلاح کریں۔ بعد میں وزیرموصوفہ نے سکول کے تدریسی و غیر تدریسی عملے سے مختصر بات چیت کی اور ادارے کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیاجس میں تعلیمی طریقۂ کار، بنیادی ڈھانچہ، حاضری کے ریکارڈز اور ضروری وسائل کی دستیابی شامل ہے۔ اُنہوں نے بعض کوتاہیوں پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے اِنسٹی چیوٹ میں تعلیمی فراہمی کو مؤثر اور بروقت بنانے کے لئے مزید مؤثر نگرانی کے نظام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اِدارے میں ایک بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول قائم ہو سکے۔وزیر سکینہ اِیتونے کہا،’’تعلیم کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ ہمیں اِس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہماری بچیاں معیاری تعلیم اور جدید سہولیات کے ساتھ ہر میدان میں کامیاب ہوں۔‘‘اُنہوں نے تدریسی عملے کی لگن اور محنت کو سراہتے ہوئے سرکاری تعلیمی اِداروں میں تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔