سکینہ اِیتو کا ایمزجموں کا دورہ

سکینہ اِیتو کا ایمزجموں کا دورہ

ایمز جموں کے کام کاج کا جائزہ لیا اور اِنسٹی چیوٹ کے مختلف شعبہ جات کا معائینہ کیا

وِجے پور( سانبہ)// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آل اِنڈیا اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) جموں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات و خدمات سے لوگوںکو آگاہ کرنے کے لئے مؤثر مہم چلانے اور عوامی رسائی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ وزیر موصوفہ نے اِن باتوں کا اِظہار آج ایمز جموں کے کام کاج کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ راجیش شرما،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور سی اِی او ایمز جموں ڈاکٹر شکتی کمار گپتا، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو جی ایم سی ڈاکٹر مشتاق احمد؛ مختلف شعبہ جات کے سربراہان، پروفیسرز، ڈاکٹروں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر صحت نے ایمز جموں کی موجودہ آپریشنل صورتحال کا جائزہ لیا اور جاری مختلف منصوبہ جات کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے اِدارے میں دستیاب سہولیات کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے کے لئے مختلف حکمتِ عملیاں زیر غور لائیں۔اُنہوں نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمز جموں صحت شعبے میں ایک اِنقلابی کردار اَدا کر رہا ہے اور یہ ایمزشمالی بھارت میں دہلی کے بعد بہترین طبی اِداروں میں ایک ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’ ایمز جموں صرف ایک ہسپتال یا تعلیمی اِدارہ نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اُمید کی ایک کرن اور جدید طبی سہولیات کی علامت ہے۔‘‘سکینہ ایتو نے لوگوں کو ایمز جموں میں فراہم کی جانے والی وسیع طبی خدمات کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے ایک مؤثر اور بھرپور رسائی و بیداری مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’عوام کو یہاں دستیاب سہولیات اور خدمات سے آگاہ کریں تاکہ وہ علاج کے لئے باہر جانے کے بغیر ان کا بھرپور فائدہ اُٹھا کرسکیں۔‘‘اُنہوںنے مزید کہا کہ جدید ترین تشخیصی لیبارٹریوں، مخصوص علاج کے یونٹوں اور ڈیجیٹل مریض نگہداشت کے نظام سے لیس ایمز جموں پیچیدہ طبی ضروریات کو سنبھالنے کے قابل ہے لیکن زیادہ تر لوگ یہاں دستیاب خدمات تک رسائی کے طریقہ کار سے لاعلم ہیں۔
وزیر صحت نے جموںوکشمیر کے دیگر طبی اداروں کے لئے رہنمائی کے طو رپر کام کرنے میں ایمز کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے تمام جی ایم سی پرنسپلوں بشمول سکمز صورہ اور دیگر ہسپتالوں پر زور دیا کہ وہ جدید طبی سہولیات کے تبادلے کے لئے ایمز جموں کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھیں تاکہ عام لوگوں کو فائدہ پہنچے۔اس موقعہ پراُنہوں نے ایمزانتظامیہ کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔ اُنہوں نے سی ای او ایمز کو یقین دہانی کی کہ تمام نئے تجاویز کو منظوری کے لئے جلد زیر غور لایا جائے گا۔ اِس سے قبل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور سی اِی او ایمز جموں نے اپنی پرزنٹیشن میں وزیر موصوفہ کو بتایا کہ یہ اِنسٹی چیوٹ جموں و کشمیر کے لوگوں کو جدید طبی نگہداشت کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ اب تک ایمز جموں نے کامیابی کے ساتھ 1,70,000 سے زیادہ مریضوں کا علاج کیاہے اور فی الحال مریضوں کی یومیہ تعداد تقریباً 1200 سے 1500 ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں ایک پوائزن انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سینٹر قائم کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہاں جدید جینومکس اور درستگی پر مبنی طب کا مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جو شمالی ہندوستان میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ ایمز جموں میں 20 سپیشلٹی اور 12 سپرپیشلٹی شعبے موجود ہیں۔ اِس کے علاوہ ادارے نے جدید نظام متعارف کئے ہیںجیسے کہ پیشنٹ نیویگیشن سسٹم، پیشنٹ ریفرل سسٹم، واک ان سروسز، ’’سواستھ ایپ‘‘ اِنٹگریشن اور دیگر جدید سہولیات تاکہ عام لوگوں کے لئے علاج آسان ہو۔بعد ازاں، سکینہ اِیتو نے اِنسٹی چیوٹ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا جن میں اکیڈمک بلاک، کنونشن سینٹر، سینٹر فار ایڈوانسڈ جینومکس اینڈ پریسیڑن میڈیسن، لائبریری، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈِی)، اِن پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (آئی پی ڈِی)، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور ریڈیولوجی یونٹ شامل تھے جس میں ایم آر آئی، ایکسرے اور فلوروسکوپی سیکشن کا معائینہ بھی شامل تھا۔ اُنہوںنے اِدارے میں عالمی معیار کی طبی تعلیم اور تربیت کی فراہمی پر اطمینان کا اِظہار کیا۔دورے کے دوران سکینہ اِیتو نے ایمز جموں اور دیگر ضلعی و دیہی طبی مراکز کے درمیان بہتر ربط و ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ ریفرل نظام کو مؤثر بنایا جا سکے اور پورے خطے میں مریضوں کے علاج کے نتائج میں بہتری لائی جا سکے۔