سکینہ اِیتو نے ’یومِ اساتذہ ‘ پر اَساتذہ کمیونٹی کو مُبارک باد پیش کی

سری نگر//وزیربرائے تعلیم سکینہ اِیتو نے اساتذہ کمیونٹی کو’ یوم اساتذہ ‘کی مبارک باد پیش کی ہے جو ہر برس 5 ؍ستمبر کو پورے ملک میں ہندوستان کے دوسرے صدر، ممتاز فلسفی اور ماہر تعلیم ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی یوم پیدائش کی یاد میں منایا جاتا ہے۔وزیر موصوفہ نے اَپنے ایک پیغام میں تمام اساتذہ کا دلی شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے اصل رہنما اورحقیقی مشعل راہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی ملک کے معمار ہیں جو ہما رے بچوں کو علم ، اَقدار اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا ،’’آپ کی لگن اور اِستقامت ہمارے طلبأ کے خوابوں کی آبیاری اور سب کے لئے ایک روشن مستقبل کی تشکیل میں اِنتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔‘‘وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ اَساتذہ کی مسلسل کاوشوں سے جموں و کشمیر کے نوجوان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ہماری قوم کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔