سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگرکے دو روزہ سالانہ سپورٹس میٹ 2025 کا اِفتتاح کیا

معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے طبی پیشہ ور اَفراد کی ذہنی تندرستی کی اہمیت پر زور

سری نگر//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے بوائز ہوسٹل بمنہ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سری نگر کے دو روزہ سالانہ سپورٹس میٹ۔ 2025 کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے طبی پیشہ وراَفراد کی جسمانی اور ذہنی تندرستی کے درمیان گہرے تعلق کو اُجاگر کیا اور اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ یہ تعلق صحت خدمات کی مجموعی معیار پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے ۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارے ڈاکٹر اور میڈیکل طلبأ صحت نگہداشت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اُن کی جسمانی صحت اور ذہنی تندرستی فراہم کردہ نگہداشت کو براہ راست متاثر کرتے ہیں جو وہ مریضوں کو فراہم کرتے ہیں۔ اِس طرح کے اَقدامات ان کے حوصلے بلند کرنے،ٹیم ورک اور مثبت ماحول کو فروغ دینے میں مدد کرتے ہیں۔‘‘وزیر صحت نے جی ایم سی سری نگر کی جانب سے اس تقریب کے اِنعقاد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل اور تفریحی سرگرمیاں بالخصوص میڈیکل شعبے سے وابستہ اَفراد کے لئے ذہنی دباؤ سے نمٹنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیل طلبا کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیںجس کا سامنا میڈیکل طلبأ کو اَپنے سخت تعلیمی نظام الاوقات پر عمل کرتے ہوئے ہوتا ہے۔اُنہوں نے جی ایم سی سری نگر کی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ بوائز ہوسٹل کے اس کھیل کے میدان میں سہولیات کو بہتر بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا غیر نصابی سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں۔اِس موقعہ پر پرنسپل جی ایم سی سری نگر ڈاکٹر عفت حسن نے وزیر موصوفہ کا مسلسل تعاون پر شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں سے اعتماد، توازن، توجہ میں بہتری آتی ہے اور آرگنائزنگ کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ اِس سے قبل وزیر موصوفہ نے شرکأ، اَساتذہ اور میڈیکل طلبا ٔسے بات چیت کی۔چیئرمین سپورٹس کمیٹی جی ایم سی سری نگر ڈاکٹر سلیم اِقبال نے اِس ایونٹ کے اِنعقاد اور منصوبہ بندی میں کلیدی رول اَدا کیا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ دو روزہ سالانہ سپورٹس میٹ میں کرکٹ، والی بال، فٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کیرم، رسہ کشی، میوزیکل چیئر جیسے کھیلوں کے ایونٹس کا اِنعقاد کیا جا رہا ہے ۔اِس کے علاوہ ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹس جیسے 100 میٹر، 200 میٹر، 400 میٹر، ریلے ریس، شاٹ پٹ، جیولین تھرو اور ڈسکس تھرو بھی اس ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔مزید برآں، تفریحی کھیل جیسے مٹکا ریس، بوری ریس، چمچ اور انڈے کی ریس نے بھی اس تقریب کو مزید پرجوش بنا دیا تاکہ طبی پیشہ ور اَفراد اور طلبا ٔکے درمیان دوستی ، باہمی تعلق، خوشی اور مجموعی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب میں پرنسپل جی ایم سی سری نگرڈاکٹر عفت حسن شاہ، ایڈمنسٹریٹر جی ایم سی سری نگرمحمد اشرف حکاک، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹس، فیکلٹی ممبران، طلبأ اور عملہ بھی موجود تھا۔