سکینہ اِیتو نے کولگام ضلع کے لنگ کھل نندی مرگ علاقے کا دورہ کیا

سکینہ اِیتو نے کولگام ضلع کے لنگ کھل نندی مرگ علاقے کا دورہ کیا

متاثرہ کنبوں کیلئے قلیل مدٹی اور طویل مدتی اِمدادی اَقدامات کی یقینی دہانی کی

کولگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کولگام ضلع کے لنگ کھل نندی مرگ علاقے کا دورہ کیا اور آگ سے متاثرہ کنبوں میں اِمدادی چیک تقسیم کئے۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے بات چیت کی ، اُن کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت کی طرف سے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے ذاتی طور پر متاثرہ کنبوںمیں فوری اِمدادکے طور پر اِمدادی چیک تقسیم کئے۔وزیر موصوفہ نے اِس بات پر زور دیا کہ اِنتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ کنبوں کی جلد بحالی اور بروقت راحت رسانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اَپنی زِندگی دوبارہ معمول پر لا سکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مختلف سرکاری سکیموں کے تحت اِمداد سمیت قلیل مدتی اور طویل مدتی تعاون کو بڑھانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔اُنہوں نے اعادہ کیا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود بالخصوص اچانک ناگہانی آفات سے دوچار لوگوں کی مدد کرنا عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ نقصانات کے تخمینے کے عمل کو تیز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیںکہ کوئی بھی متاثرہ گھرانہ اِمدادی دائرے سے محروم نہ رہ جائے۔