سکینہ اِیتو نے کشمیر کے پانچ کالجوں کیلئے بسیں وقف کیں

سکینہ اِیتو نے کشمیر کے پانچ کالجوں کیلئے بسیں وقف کیں

طلباء کو بااِختیار بنانے اور تعلیم تک رَسائی بہتر بنانے کیلئے سہولیت

سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور اعلیٰ تعلیم سکینہ اِیتو نے آج کشمیر کے پانچ سرکاری ڈِگری کالجوں کے لئے بسیں وقف کیںتاکہ دُور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبأ کی تعلیم تک رَسائی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔جن کالجوں کو یہ بسیں فراہم کی گئیں ان میں جی ڈِی سی کپواڑہ، جی ڈِی سی سوپور، جی ڈِی سی ٹنگمرگ، جی ڈِی سی ڈِی ایچ پورہ اور جی ڈِی سی تُلیل شامل ہیں۔ بسوں کی روانگی کی تقریب عبد الاحد آزاد میموریل کالج بمنہ میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی ٹنگمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ اور ممبر اسمبلی سوپور اِرشاد رسول کار بھی موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی اِداروں میں ٹرانسپورٹ سہولیات کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ اقدام بالخصوص دُور دراز علاقوں کے طلبأ کو بااِختیار بنانے کے لئے اُٹھایا گیا ہے تاکہ وہ آسانی سے کالج پہنچ سکیں۔‘‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ اِسی طرح کی ایک پہل حال ہی میں صوبہ جموں میں شروع کی گئی تھی جہاں پانچ کالجوں کو بسیں بھی فراہم کی گئی تھیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے تعلیمی شعبے میں بہتری کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،’’ہم سرکاری تعلیمی اِداروں میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے اور تمام ضروری سہولیات بشمول قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔‘‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں مزید کالجوں کو اِس طرح کی مدد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔دورانِ تقریب وزیر موصوفہ نے پرنسپلوں ،فیکلٹی ممبران،این سی سی کیڈٹوں اور طلباء سے بات چیت کی ۔اُنہوں نے جموںوکشمیر بینک کی جانب سے اَپنی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی ( سی ایس آر ) سکیم کے تحت بسیں فراہم کرنے پر اس اَقدام کو طلباء کی تعلیمی جدوجہد میں اہم کردار قرار دیا۔ اِس موقعہ پرمنیجنگ ڈائریکٹر موٹر گیراج ، جموںوکشمیر بینک کے سی ایس آر اورڈویژنل سربراہان، ڈائریکٹر فائنانس ہائیر ایجوکیشن، ڈائریکٹر کالجز، مختلف کالجوں کے پرنسپل اور دیگر اعلیٰ اَفسران بھی موجود تھے