سری نگر// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ میں ضلع کولگام کے ڈِی ایچ پورہ حلقہ کے ترقیاتی منظرنامے کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی، چیف انجینئر کے پی ڈِی سی ایل، کولگام ضلع کے مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئروں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جس میں بنیادی طور پر بنیادی ڈھانچے ، شہری سہولیات، صحت نگہداشت، بجلی اور سڑک رابطے پر توجہ دی گئی۔اُنہوں نے مؤثر خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور ڈِی ایچ پورہ حلقہ کے لوگوں کی شکایات کو دُور کرنے کے لئے مربوط کارروائی کی فوری ضروری پر زور دیا۔وزیر موصوفہ نے کہا،’’عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔لوگوںکے مسائل جیسے پانی کی سپلائی، بجلی، صحت خدمات یا سڑکیں فوری حل کرنے پر زور دیا۔‘‘دورانِ میٹنگ وزیر سکینہ اِیتو نے آر اینڈ بی محکمے کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں اور دیگر عوامی اداروں کی طرف جانے والی سڑکوںکو بھی اَپ گریڈ کیا جائے تاکہ لوگوں کو آسانی ہو۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ حلقے میں جاری تمام منصوبوں کی صورتحال کی رپورٹ پیش کریں، اُنہیں یقین دِلایا کہ جہاں بھی وسائل کی کمی ہو گی، اسے پورا کیا جائے گا۔










