اہربل ۔کونگ وطن ۔کوثر ناگ۔ پنچن پتھری ٹورسٹ کو ترقی دے کر سیاحتی صلاحیت کو بروئے کار لانے پر زور
سری نگر / / وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے ڈِی ایچ پورہ حلقہ کی مجموعی ترقی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اَطہر عامر الشفیع خان ، چیف اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر ،محکمہ پی ایچ اِی اور پی ڈِی ڈِی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں ، سی ایم او کولگام اور دیگر ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے ڈِی ایچ پورہ حلقہ سے متعلق مختلف مسائل کا جائزہ لیا۔ اِس کے علاوہ سیاحت سے متعلق منصوبوں اور اُن علاقوں کی نشاندہی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جنہیں اَب تک قدرتی حسن کے حامل ڈِی ایچ پورہ بیلٹ میں دریافت نہیں کیا گیا ہے۔ اُنہوںنے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ڈِی ایچ پورہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں جیسے اہربل، کونگ وطن، کوثرناگ اور پنجن پتھری جو اَپنی خوبصورتی، حیاتیاتی تنوع اور ٹریکنگ راستوں کے لئے مشہور ہیں، کی سیاحتی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ اُنہوں نے پنچن پتھری علاقے کو ٹریکنگ ٹریلز اور دیگر مہم جوئی سیاحت سے متعلق سرگرمیوں کے لئے ترقی دینے پر زور دیا۔
وزیر سکینہ اِیتو نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مقامی نوجوانوں کی سیاحت سے متعلق شعبوں جیسے ٹورسٹ گائیڈز، ہوم سٹے، ایکو۔ ٹورازم اور دیگر متعلقہ شعبوں میں استعداد کار بڑھانے اور تربیت کا بندوبست کریں۔ اُنہوں نے کہا ،’’اگر سیاحت کودیرپا طریقے سے ترقی دی جائے تو سیاحت اس خطے کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ایک مضبوط ستون بن سکتی ہے۔اُنہوں نے افسران سے کہا کہ وہ علاقے میں پیراگلائیڈنگ، زِپ لائن، ہاٹ ایئر بیلون اور دیگر تفریحی سہولیات کی ترقی کے اِمکانات کا جائزہ لیں۔وزیر موصوفہ نے صفائی کی سہولیات، ہنمائی سائن بورڈوں، موبائل کنکٹویٹی اور حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ سیاحوں کے قیام میں اضافہ ہو اور انہیں ایک مکمل اور یادگار تجربہ حاصل ہو۔اُنہوں نے ڈِی ایچ پورہ حلقہ کے اہم سیاحتی مقامات پر پارکنگ سہولیات کی ترقی اور سیاحوں کی رہنمائی کے لئے سائن بورڈوں کی تنصیب پر زور دیا۔دورانِ میٹنگ وزیر سکینہ اِیتو نے ضلع میں بجلی اور دیگر ضروری شعبوں سے متعلق مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے چیف اِنجینئرکے پی ڈِی سی ایل کو ہدایت دی کہ ڈِی ایچ پورہ کے دُور دراز علاقوں میں بجلی کے زائد بلوں کے معاملے کو دیکھیں۔مزید برآں، اُنہوں ڈِی ایچ پورہ میں منی سیکرٹریٹ عمارت کی مرمت اور تزئین و آرائش کر کے اسے جلد از جلد قابل اِستعمال بنانے اور سرکاری دفاتر کو عوامی مفاد میں اس عمارت میں منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ زیر اِلتوا ٔترقیاتی کاموں کو فوری مکمل کیا جائے، اہم مقامات تک سڑکوں کی بہتری کو یقینی بنایا جائے اور ماحول دوست انفراسٹرکچر کی بروقت تکمیل کے لئے مؤثر اَقدامات کئے جائیں۔










