سکینہ اِیتو نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں شجرکاری مہم کی قیادت کی

کیاکلپ اور این کیو اے ایس اَقدامات کے تحت ماحولیاتی دوستانہ صحت نگہداشت کے طریقوں کو فروغ دیا

گاندربل// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ڈِسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں شجرکاری مہم کی قیادت کی تاکہ ماحول دوست اَقدامات کو فروغ دیا جا سکے اور کیکالپ اور نیشنل کوالٹی ایشورنس سٹینڈرڈز (این کیو اے ایس) پروگراموں کے تحت معیاری طبی خدمات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اُنہوں نے ہسپتال کے احاطے میں پودے لگایا اور صحت اِداروں میں سرسبز، صاف ستھرا اور مریض دوست ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’ماحولیاتی تحفظ نہ صرف ایک سماجی ذِمہ داری ہے بلکہ معیاری طبی خدمات کی فراہمی کا ایک لازمی جزو بھی ہے۔‘‘ وزیر صحت نے اِس بات پر زور دیا کہ صحت سہولیات میں پودا لگانے کے اَقدامات کا دوہرا مقصد ایک طرف ہسپتالوں کے جمالیاتی حسن کو بڑھانا اور ماحول کی حفاظت میں کردار اَدا کرنا ہے ۔اُنہوں نے کہا،’’اِس طرح کے اقدامات ہوا کے معیار کو بہتر بنانے، آلودگی کم کرنے اور مریضوں، تیمارداروں اور صحت کے کارکنوں کے لئے صحت بخش ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔‘‘اُنہوںنے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں قومی معیارات کے مطابق صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ کیکالپ اور این کیو اے ایس اَقدامات کے تحت جموں و کشمیر کے تمام صحت اداروں میں صفائی، نکاسی آب، ویسٹ مینجمنٹ، اِنفیکشن کنٹرول اور ماحولیاتی دیرپائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔وزیر موصوفہ نے ہسپتال اِنتظامیہ اور عملے کی شجرکاری مہم میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور صفائی و مریضوں کی نگہداشت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے طبی عملے پر زور دیا کہ وہ بائیومیڈیکل ویسٹ مینجمنٹ، توانائی کے تحفظ اور سرسبزہسپتال کیمپس کو برقرار رکھنے جیسے ماحول دوست اَقدامات اَپنائیں تاکہ مریضوں کو مؤثر اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔اِس موقعہ پر میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ڈِسٹرکٹ ہسپتال گاندربل ڈاکٹر فرح شفیع نے وزیر صحت کو آگاہ کیا کہ شجرکاری مہم کے بعد باقاعدہ ماحولیاتی بیداری سرگرمیاں، صفائی مہمات اور سبز طریقوں پر عمل در آمد کیا جائے گا تاکہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کیکالپ اور این کیو اے ایس کے معیارات کی تعمیل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔