سکینہ اِیتو نے ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی کارکردگی او رکام کاج کا جائزہ لیا

سکینہ اِیتو نے ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی کارکردگی او رکام کاج کا جائزہ لیا

جموں وکشمیر میںفارماسیوٹیکل اور فوڈ سپلائی چینز کی سخت نگرانی پر زور

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن (ڈِی ایف سی او) کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈِی اے )سمیتا سیٹھی، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم، سٹیٹ ڈرگ کنٹرولر اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر میں اَدویات اور خوراک کی مصنوعات کے معیار کونگرانی کرنے میں ادارے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فارماسیوٹیکل اور فوڈ سپلائی چینز کی نگرانی کے لئے ایک فعال اور پیشہ ورانہ نقطہ نظر اِختیار کریں۔وزیرسکینہ اِیتو نے کہا کہ جب ہمارے شہریوں تک ادویات اور کھانے پینے کی اشیأ کے معیار کی بات آتی ہے تو اس میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ بغیر لائسنس کے فارماسسٹ دُکانوں کی بار بار چیکنگ کریں اور غیر رجسٹرڈ دُکانوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔اُنہوں نے کمشنر ایف ڈِی اے کو ہدایت دی کہ وہ خلاف ورزیوں اور سرگرمیوں کے بارے میں ماہانہ بنیاد پر رِپورٹ پیش کریں۔وزیر موصوفہ نے سماجی بہبود ، تعلیم اور دیگر محکموں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرکے لوگوں کو نقلی اورغیر معیاری ادویات کے بارے میں بیداری مہمات، ورکشاپوںاور کیمپوں کا اِنعقاد پر بھی زور دیا۔اُنہوںنے ڈِی ایف سی او اور قانون عملانے والے اِداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خلاف ورزیوں کا مؤثر طریقے سے تدارک کیا جا سکے۔ اُنہوں نے اِنسپکٹروں اور فیلڈ اَفسران کی تربیت کے لئے استعداد کار بڑھانے والے ورکشاپوں کے اِنعقاد کی بھی ہدایت دی تاکہ وہ نئے قواعد و ضوابط اور صنعتی معیارات سے باخبر رہیں۔دورانِ میٹنگ انہوں نے لیبارٹریوں کی اَپ گریڈیشن، بلڈ بینکوں اور سٹوریج سہولیات پر سخت نگرانی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے تیز تر انضمام پر بھی زور دیا تاکہ شفافیت، بہتر رِپورٹنگ اور فوری شکایات کے ازالے کو یقینی بنایا جا سکے۔ میٹنگ میں کمشنر ایف ڈی اے نے ادارے کی کارکردگی او رکام کاج کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔