سری نگر// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم سکینہ اِیتو نے آج سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں پانپور اسمبلی حلقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ر) حسنین مسعودی، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر و امیونائزیشن، ڈائریکٹر آیوش، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم، چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ اورمحکمہ صحت کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے پانپور اسمبلی حلقے میں دستیاب موجودہ طبی بنیادی ڈھانچے، طبی آلات، اَدویات اور دیگر لازمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، طبی آلات کواَپ گریڈ کرنے اور تمام صحت مراکز میں لازمی ادویات کی دستیابی یقینی بنانے پر زور دیا۔
سکینہ اِیتو نے کہا،’’صحت سہولیت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ پانپور کے ہر فرد کوخواہ وہ کسی بھی علاقے میں ہو، بروقت اور معیاری طبی سہولیات حاصل ہوں۔‘‘اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔وزیر صحت نے تمام عوامی صحت اِداروں کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایت دی اور اِلتوا ٔکا شکار منصوبوں بشمول پی ایچ سی کی اَپ گریڈیشن اور موبائل میڈیکل یونٹوں کی فوری فالو اَپ کرنے پر زور دیا۔










