کہا، حکومت جموں وکشمیر کی فلاح و بہبود اور ہمہ جہت ترقی کیلئے انتھک کام کر رہی ہے
کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے دادرن، نورآباد، ڈِی ایچ پورہ میں تین اہم واٹر سپلائی سکیموں درنبل واری پورہ، ایچ ایم گوری اور سی ایس راتھرکے لئے کامن را واٹر مین (سی آر ڈبلیو ایم) کا اِفتتاح کیا۔یہ منصوبے بالترتیب 7.42 کروڑ روپے، 1.71 کروڑ روپے اور 1.22 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کئے گئے ہیںجو پیر پنجال دو الپائن جھیلوں برہما سر اور چر سر سے را واٹر حاصل کریں گے اور اسے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تک لے جائیں گے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے ایک بڑے عوامی اَجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور جموں و کشمیر کی خوشحالی، فلاح و بہبود اور ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل محنت کر رہی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی زِندگی کو بہتر بنانے کے لئے معیاری بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔اُنہوں نے منشیات کی بڑھتی ہوئی بدعت پر بھی شدیدتشویش کا اظہار کیا اور اسے معاشرے کے تانے بانے کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا۔
سکینہ اِیتو نے گزشتہ مہینوں کے ترقیاتی سفر کو اُجاگر کرتے ہوئے تعلیم، سماجی بہبود اور عوامی بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں کی گئی سرگرمیوں اور اَقدامات کی تفصیلات پیش کیں اور حکومت کے جامع ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اس اہم انفراسٹرکچر کے چالو ہونے سے متعلقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور علاقے کے پانی کے انتظام کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے کی اُمید ہے۔اِس موقعہ پر متعدد مقامی لوگوں اور عوامی وفود نے وزیر موصوفہ سے بات چیت کی اور عوامی اہمیت کے مختلف مسائل اور مطالبات ان کے سامنے رکھے۔سکینہ اِیتو نے ان سے بات چیت کے دوران اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل اور مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔










