دیہی اور پسماندہ علاقوں میں جامع ترقی کیلئے حکومت کے پختہ عزم کو اُجاگر کیا
کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ِایتو نے آج منزگام کولگام میں 10 ایم وی اے ریسونگ سٹیشن کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اِس منصوبے کا مقصد مقامی پاور اِنفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کے عوام کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتا ہے اور اس سے بجلی کی ترسیل میں نمایاں بہتری آئے گی جس کے نتیجے میں بجلی کی دستیابی اور بھروسے میں اضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کی طرف سے بجلی کی تقسیم بہتر بنانے اور خطے کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کی جاری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔اُنہوں نے اِس منصوبے کی منظوری کے لئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی کے سفر میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا۔سکینہ اِیتونے حکومت کے جامع ترقی کے ویژن کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ نیاریسونگ سٹیشن ہزاروں گھروں کو مستحکم اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گا جس سے مقامی صنعت، تعلیمی ادارے اور صحت کے شعبے کو بھی تقویت ملے گی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کے لئے پرعزم ہے کہ ہر سکیم کا فائدہ نچلی سطح تک اور مستحق لوگوں تک پہنچے۔اُنہوں نے مزید کہا، ’’ہمارا مقصد صرف منصوبوں کا اعلان کرنا نہیںبلکہ انہیں عملی جامہ پہنانا ہے۔ یہ ریسونگ سٹیشن ہماری حکومت کے عزم کی علامت ہے۔‘‘










