سکینہ اِیتو نے ضلع سری نگر کی ترقیاتی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

کہا،سری نگر جموںوکشمیر کا دِل ہے ،اس کی ترقی جموںوکشمیر کی مجموعی ترقی کی عکاسی کرتی ہے

سری نگر//وزیر برائے صحت، طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے ضلع سری نگر کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں اَرکان قانون ساز اسمبلی علی محمد ساگر،مُبارک گُل ، شمیم فردوس، سلمان علی ساگر، تنویر صادق، مشتاق احمد گورو اور شیخ احسان پردیسی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اکشے لابرو، کمشنر ایس ایم سی، ڈائریکٹر ایس کے آئی ایم ایس، مختلف محکموں کے سربراہان اور ڈائریکٹروں اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے ہر محکمہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور مشن یووا، ایچ اے ڈی پی، پی ایم سوریہ گھر، قومی ٹی بی خاتمہ پروگرام سمیت دیگر فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ضلعی کیپکس، ایم پی فنڈز، سی ڈی ایف، ایس اے ایس سی آئی، امرت 2.0 اور دیگر سکیموں کے تحت جاری منصوبوں کی طبعی اور مالی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے ضلع میں صحت کے بنیادی ڈھانچے، دیہی ترقی، سڑک رابطے، تعلیم اور پینے کے پانی کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی اور عوامی شکایات کے حل کے لئے نتیجہ خیز حکمت عملی اَپنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے حکومت کے صحت شعبے کو مضبوط بنانے اور ایمرجنسی کیئر سہولیات بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ ایس کے آئی ایم ایس، ایس ایم ایچ ایس، بون اینڈ جوائنٹ، لل دید ہسپتالوں جیسے اہم ہسپتالوں کی طرف جانے والی سڑکوں کی اَپ گریڈیشن کا منصوبہ تیار کریں،اِس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی مشاورت سے سڑکوں پر ٹریفک جام سے بچاؤ کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا جائے۔وزیر صحت نے تمام اَفسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اَپنے حلقوں میں کوئی بھی نیا منصوبہ شروع کرنے سے پہلے مقامی اَرکان قانون سازوں سے مشورہ کریں۔ اُنہوں نے کہاکہ عوامی نمائندے کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں،اِس لئے ان کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔اُنہوں نے مشن یووا اور دیگرفلیگ شپ سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ کسی بھی سکیم کے تحت زیر اِلتوأ تمام مقدمات کو بروقت نمٹا دیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ جن درخواست دہندگان کی درخواستوں میں کوئی کمی ہو، انہیں بروقت مطلع کیا جائے تاکہ وہ ضروری اِصلاحات کرکے سکیموں سے فائدہ اُٹھا سکیں۔وزیر موصوفہ نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مختلف سرکاری سکیموں کے حوالے سے مقامی اَرکان قانون سازوں کے اشتراک سے بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کو اِن سکیموں کے بارے میں بیداری فراہم کی جاسکے۔ اُنہوں نے سری نگر شہر میں شہری خدمات، صفائی، نکاسی آب کے انتظام اور دیرپا شہری منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ عوام دوست طرزِ حکمرانی اپنایا جائے اور شہریوں سے قریبی رابطہ رکھ کر ترقیاتی خلأ کی نشاندہی کی جائے۔سکینہ اِیتو نے کہا، ’’سری نگر جموں و کشمیر کا دِل ہے اور اس کی ترقی جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘ اُنہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ لگن سے کام کریں تاکہ سری نگر شہر ملک کا سب سے صاف ستھرا اور روشن شہر بن سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سری نگر شہر کی ترقی پورے جموں و کشمیر کی شبیہہ کو ملک بھر میں بہتر بناتی ہے۔وزیر موصوفہ نے سری نگر میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر ایس ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ جاری منصوبے بروقت مکمل کریں اور اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہی نئے پروجیکٹ شروع کئے جائیں۔اُنہوں نے میٹنگ کے دوران سنگل لائن ایڈمنسٹریشن کے تصور کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ تصور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے متعارف کیا تھا۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ محکمہ جاتی ہم آہنگی اور جوابدہی حکمرانی کی بنیاد ہونی چاہیے اور عوام کو ہر سطح پر سہولیت فراہم کی جانی چاہیے۔اُنہوں نے تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کام کی تکرار اور غیر مربوط فیصلے ترقی میں تاخیر کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا،’’سرکاری خزانے سے خرچ ہونے والا ہر روپیہ زمینی سطح پر واضح ترقی میں تبدیل ہونا چاہیے جو عام لوگوں کی زِندگی کے معیار کو بہتر بنائے۔‘‘وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ موجودہ عمر عبداللہ کی زیر قیادت حکومت عوام کے اعتماد اور ووٹوں سے قائم ہوئی ہے اور ہم اس تاریخی ضلع کی مجموعی ترقی کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔دوران میٹنگ چیف پلاننگ آفیسر سری نگر نے ضلع کے مختلف ترقیاتی پہلوؤں پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔