سکینہ اِیتو نے صحت و تعلیم اور سماجی بہبود محکموںمیں بھرتیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

اہم محکموں میں اَسامیوں کو بروقت پُر کرنے کی ہدایت

سری نگر/ / وزیر برائے صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے آج صحت و تعلیم اور سماجی بہبودمحکموں میںبھرتیوں کے جاری عمل کا جائزہ لیا اور تقرریوں کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ نچلی سطح پر بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی ) کے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے عوامی خدمات سے متعلق اہم شعبہ جات بالخصوص صحت شعبے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا جو کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں ایک اہم رول اَدا کر رہا ہے۔ اُنہوں نے خالی اَسامیوں کو پُر کرنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام طریقۂ کار کی رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے تاکہ بروقت بھرتی کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے کہا، ’’صحت شعبہ براہ راست ہمارے لوگوں کی فلاح سے منسلک ہے۔ مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنانے اور موجودہ عملے پر بوجھ کو کم کرنے کے لئے میڈیکل، پیرا میڈیکل اور معاون عملے کی اَسامیوں کو بروقت پُر کرنا ضروری ہے۔‘‘وزیر صحت نے تعلیمی شعبے میں خالی اَسامیوں کا بھی جائزہ لیا اور اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سکولوں بالخصوص دیہی اور دُور افتادہ علاقوں میں عملے کی کمی کی وجہ سے تعلیم کا عمل متاثر نہیں ہونا چاہیے۔اُنہوں نے شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی کے عمل پر زور دیا تاکہ اہل اُمیدواروں کو منصفانہ مواقع مل سکیں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ بھرتی کرنے والی ایجنسیوں اور محکموں کے درمیان تال میل برقرار رکھا جائے تاکہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔ اُنہوں نے صحت اور تعلیمی شعبوں کو مکمل توجہ دینے کے اَپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترقی پسند اور جامع معاشرے کے ستون ہیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے نوجوان ہماری طاقت ہیں۔ بروقت اور شفاف بھرتی کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے نہ صرف اِدارے مضبوط ہوں گے بلکہ حکمرانی پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔‘‘