ہندوارہ سڑک حادثے میں زخمی ہوئیں طالبات کی عیادت کی اور بہتر علاج و معالجہ کی ہدایت دی
سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سری نگر کے شیرِ کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس ) صورہ اور ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کا دورہ کیا اور اُنہوں نے ہندوارہ کے افسوسناک سڑک حادثے میں زخمی ہوئیں طالبات کی عیادت کی۔وزیر موصوفہ نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زیر علاج زخمی ہوئی طالبہ کے اہل خانہ سے بات چیت کی ۔اِس موقعہ پروزیر صحت نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج، میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ اور دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان سے زخمی طالبہ کی صحتیابی کے عمل کی مسلسل نگرانی کرنے کے لئے کہا اور ہسپتال حکام کو ہدایت دی کہ اس کا بہترین ممکنہ علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔بعد میں سکینہ اِیتو سکمزصورہ بھی گئیں جہاں ایک اور زخمی طالبہ کا علاج جاری ہے۔ اُنہوں نے اِس سہولیت میں زیر علاج ایک اور زخمی طالب علم کی خیریت و عافیت دریافت کی۔اُنہوں نے ڈائریکٹرسکمزاور میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ اور دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ زخمی طالبہ کی طبی نگہداشت کو ترجیح دیں اور اس کے اہل خانہ کو تمام ضروری مدد فراہم کریں۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر سکمز سے مزید کہا کہ وہ زخمی طالب علم کے علاج معالجے کی سہولیات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔وزیر موصوفہ نے کہا، ’’ان طالبات کی خیریت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ میں نے ہسپتال حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان کی صحتیابی کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھیں اور ان کے ساتھ ہمدردانہ ا ور بھرپور توجہ سے پیش آئیں۔‘‘










