سکینہ اِیتو نے زنگل پورہ کولگام کا دورہ کر کے مقامی ترقیاتی مسائل کا جائزہ لیا

سکینہ اِیتو نے زنگل پورہ کولگام کا دورہ کر کے مقامی ترقیاتی مسائل کا جائزہ لیا

مقامی کھلاڑیوں میں کھیلو ں کا سامان تقسیم اور نوجوانوں کی کھیلوں میں بھرپور شرکت کی حوصلہ اَفزائی

کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے ضلع کولگام کے گاؤں زنگل پورہ کا دورہ کیا تاکہ مقامی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے اور لوگوں سے روبرو ملاقات کر کے اُن کے مسائل اور شکایات کو سنا جا سکے۔اِس موقعہ پروزیر موصوفہ نے ایک بڑے عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز ہے اور جامع ترقی و عوام پر مبنی حکمرانی ہماری حکومت کا نصب العین ہے ۔اُنہوں نے کہا، ’’ہمارا مقصد نچلی سطح پر ضروری خدمات کی جامع ترقی اور موثر ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔‘‘دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور اُن کے مسائل کو بغور سنا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ تمام مسائل کا بروقت اَزالہ کیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایات دی جائیں گی۔اُنہوں نے رہائشیوں کو بتایا کہ علاقے کو مستقبل میں ممکنہ سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے 4 کروڑ روپے کا سیلاب تحفظ منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے علاقے میں کھیل میدان کی ترقی کے لئے بھی متعلقہ محکمے کو ہدایات دیں۔
مقامی لوگوں نے جن اہم مسائل کی نشاندہی کی ان میں سیلاب سے بچاؤ کے منصوبے پر عملدرآمد، ایک پرائمری ہیلتھ سینٹر کا قیام اور پینے کے پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا شامل تھا، چاہے وہ مخصوص فلٹریشن پلانٹ کے ذریعے ہو یا قریبی گاؤں میں قائم فعال پلانٹ سے فراہمی کو وسعت دے کر کیا جائے۔لوگوںنے گورنمنٹ ہائی سکول میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ضروری محکموں میں عملے کی فراہمی اور زرعی معیشت و مویشی پالنے پر مبنی روزگار کو سہارا دینے کے لئے ایک اینمل ہسبنڈری سینٹر کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔ایک اورمطالبہ گاؤں کے کھیل میدان کی توسیع اور ترقی کا تھا تاکہ نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔اِس موقعہ پر وزیر سکینہ اِیتو نے مقامی کھلاڑیوں میں کھیلوں کے سامان بھی تقسیم کئے اور نوجوانوں کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔