سکینہ اِیتو نے خانصاحب حلقہ کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا

سکینہ اِیتو نے خانصاحب حلقہ کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع بڈگام کے خانصاحب حلقہ کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیاگیا۔میٹنگ میں خانصاحب کے رُکن قانون ساز اسمبلی سیف الدین بٹ، سیکرٹری سکولی تعلیم رام نواس شرما، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو جی ایم سی، ڈائریکٹرفائنانس صحت و طبی تعلیم، ڈائریکٹر پلاننگ صحت و طبی تعلیم، سی اِی او بڈگام، سی ایم او بڈگام اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے صحت، تعلیم اور شہری سہولیات سے متعلق جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے پرائمری ہیلتھ سینٹروںاور مقامی ہسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر زور دیا اور محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ جاری منصوبوں بالخصوص تشخیصی سہولیات ، ڈائیلاسز سینٹروں اور دیگر اہم اِنفراسٹرکچر کی مضبوطی کی رفتار میں سرعت لائیں۔
سکینہ اِیتو نے تعلیمی شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ کلیدی سکولوں اور کالجوں کی مرمت کی جائے اور طلبأ کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے مختلف سکولوں میں آئی سی ٹی کے لئے تیار کلاس روموں اور لیبارٹریوں کو اَپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا تاکہ جدید تعلیمی تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔اُنہوںنے جموں و کشمیر میں مساوی اور نچلی سطح کی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے جیسے اہم شعبوں میں خلا کو پُر کرنا عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔وزیر موصوفہ نے فلاحی و ترقیاتی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے بین المحکماتی تعاون پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے حلقہ سطح پر ماہانہ شکایتی فورموں کے قیام کی ہدایت دی تاکہ عوامی شکایات کا بروقت اَزالہ ممکن بنایا جا سکے۔