سکینہ اِیتو نے حضرت بل کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا

سکینہ اِیتو نے حضرت بل کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں حضرت بل اسمبلی حلقے کی ترقیاتی منظرنامے کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں رُکن قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر ،سیکرٹری سکولی تعلیم رام نواس شرما،سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ،ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، سی ایم او سری نگر، سی ای او سری نگر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی ضروریات اور مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لئے عوامی بنیادی ڈھانچے کا مؤثر اور بہتر اِستعمال یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ نتائج پر مبنی حکمت عملی اَپنائیں، منصوبوں کو بروقت مکمل کریں اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کریں۔اُنہوں نے کہا، ’’عوامی انفراسٹرکچر عوام کی سہولیت کے لئے بنایا جاتا ہے لیکن جب تک اس کی مینی ٹیننس اور مؤثر اِستعمال نہ ہو، یہ اپنا مقصد پورا نہیں کر سکتا۔‘‘ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ خدمات کی فراہمی کو منظم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مکمل یا جاری منصوبوں کے عوامی فائدے میں ٹھوس نتائج سامنے آئیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے حضرت بل حلقے میں تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سکولی تعلیم کے محکمے کو ہدایت دی کہ پرائمری سے لے کر ہائیر سیکنڈری سطح تک تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اُنہوں نے خستہ حال عمارتوں کی بروقت مرمت کی بھی ہدایت دی تاکہ انہیں تدریسی عمل کے قابل بنایا جا سکے۔اُنہوں نے صحت شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ موجودہ سہولیات اور حالیہ تعمیر شدہ ڈھانچے کو عوامی فائدے کے لئے مؤثر طریقے سے اِستعمال میں لایا جائے۔ اُنہوں نے حضرت بل حلقے کو تعلیم اور روحانیت کا مرکز قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اِس کے ثقافتی اور تعلیمی ورثے کے ساتھ ہم آہنگ ترقیاتی کوششیں جاری رکھی جائیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے محکمہ صحت افسران کو منی میٹرنٹی ہسپتال زکورہ کے مؤثر اِستعمال کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ایس ڈی ایچ حبک کے اضافی بلاک کی تعمیر میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے حلقے کے دیگر طبی مراکز جیسے یو پی ایچ سی تیل بل، پی ایچ سی بُرزہامہ، فقیر گوجری ہسپتال، یو پی ایچ سی نشاط، پی ایچ سی برین، یو پی ایچ سی ہارون، این ٹی پی ایچ سی تھید وغیرہ کا بھی جائزہ لیا اور ان میں ڈیجیٹل ایکسرے، جدید تشخیصی آلات اور دیگر اعلیٰ طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دی تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات میسر آ سکیں۔ وزیر صحت نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ حضرت بل حلقے کی طبی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے ضروری تجاویز بروقت پیش کریں تاکہ فنڈز بروقت فراہم کئے جا سکیں۔اُنہوں نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی ہمہ جہت ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے افسران اور شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ آپس میں مل کر کام کریں تاکہ یہ حلقہ متوازن ترقی کی مثال بنے۔وزیر موصوفہ نے کہا،’’ہماری توجہ عوامی فلاح پر مرکوز رہنی چاہیے۔ ترقی کا مطلب صرف اثاثے بنانا نہیں بلکہ یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ یہ اثاثے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کریں۔‘‘اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بنیادی ڈھانچے کے اِستعمال میں خامیوں کی نشاندہی کریں ، رُکاوٹوں کو دورہ کریںاور بیداری پیدا کریں تاتاکہ کمیونٹی سرکاری سرمایہ کاری سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھا سکے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ترقیاتی عدم توازن کو ختم کرنے اور حلقے میں جامع ترقی کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔