سکینہ اِیتو نے جے کے بی او ایس اِی کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (جے کے بی او ایس اِی) کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں چیئرمین جے کے بی او ایس اِی و ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعلیٰ تعلیم شانت منو، سیکرٹری سکولی تعلیم رام نواس شرما، ناظم سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو، ناظم سکولی تعلیم جموں نسیم جاوید چودھری، سیکرٹری جے کے بی او ایس اِی غلام حسن شیخ اور محکمہ سکولی تعلیم کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر تعلیم نے مجموعی کارکردگی، اِمتحانی نظام، جانچ کے طریقہ کار، نصاب کی تیاری، ڈیجیٹائزیشن سروسزکے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں سکولی تعلیم کو مضبوط بنانے کے لئے جاری تعلیمی اِصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر تعلیم نے میٹنگ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے اِمتحانات کے بروقت اِنعقاد اور طلبأ کی سہولیت کے لئے شکایات کے ازالے کے مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ نصاب میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا اَپ ڈیٹ کو نئے تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے مکمل کیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے جے کے بی او ایس اِی حکام کو ہدایت دی کہ نصابی کتب نومبر کے آخر تک دستیاب ہونی چاہئیں تاکہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل فراہمی میں کوئی رُکاوٹ نہ ہو۔ اُنہوںنے بورڈ اور محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ سکولوں کو وقت پر کتابیں بھیجنے کے لئے ایک مناسب طریقۂ کار وضع کریں۔وزیر موصوفہ نے جے کے بی او ایس اِی کی بعض طلبأ دوست اقدامات کی سراہنا کی جن سے رجسٹریشن اور اِمتحانی نظام مزید آسان ہوگا۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ جانچ کے لئے مؤثر نظام مرتب کیا جائے تاکہ نتائج بروقت جاری کئے جا سکیں۔اُنہوں نے جوابدہی اور کارکردگی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے میں مسلسل اَپ گریڈیشن، عملے کی تربیت اور سکولوں کے ساتھ قریبی روابط کو ضروری قرار دیا تاکہ زمینی سطح پر امتحانات سے جڑے مسائل کو دور کیا جا سکے۔سکینہ اِیتو نے کہا،’’تعلیم ہمارے مستقبل کی بنیاد ہے۔ جے کے بی او ایس ای کا کردار شفاف، جدید اور طلبہ دوست امتحانی و جانچ نظام کی تشکیل میں اہم ہے۔ ہماری ترجیح اِداروں کو مضبوط بنانا ہے تاکہ جموں و کشمیر کے ہر بچے کو معیاری تعلیم حاصل ہو سکے۔‘‘اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ جماعت دسویں اور بارہویں کے امتحانات کے لئے ڈیٹ شیٹ بروقت جاری کئے جائیں تاکہ طلبأ اپنے متعلقہ امتحانات کی تیاری کر سکیں۔دوران میٹنگ سیکرٹری جے کے بی او ایس اِی نے آئندہ امتحانات اور بورڈ کے دیگر امور سے متعلق ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔