سکینہ اِیتو نے اسپریشنل بلاک منز گا م کولگام میں سپورنا تہ ابھیان سمان سمروہ کی صدارت کی

سکینہ اِیتو نے اسپریشنل بلاک منز گا م کولگام میں سپورنا تہ ابھیان سمان سمروہ کی صدارت کی

مقامی دستکاری، سیلف ہیلپ گروپ کی مصنوعات اور کسانوں کی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے ہفتہ بھر کی ’ اکانکشاہاٹ ‘ کا اِفتتاح کیا

اسپریشنل بلاکس پروگرام میں صد فیصد اہداف حاصل کرنے پر فرنٹ لائن ورکروں، بلاک و ضلعی سطح کے افسران کو بھی اعزازات سے نوازا گیا
کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے منز گام بلاک میں سمپورناتہ ابھیان سمان سمروہ کی صدارت کی۔یہ تقریب وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 2023 میں شروع کئے گئے اسپریشنل بلاک پروگرام کے تحت منعقد کی گئی جس میں ملک بھر کے 500 بلاک کو شامل ہیں۔ کولگام ضلع نے اس پروگرام کے 6 اِشاریوں میں صد فیصد اہداف حاصل کرنے پر گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔یہ پروگرام ضلع اِنتظامیہ کولگام کی جانب سے نیتی آیوگ کے اسپریشنل بلاک پروگرام کے تحت سپورٹس سٹیڈیم منزگام میں منعقد کیا گیا جو بلاک منزگام کی ترقیاتی پیش رفت کا ایک اہم سنگ میل ہے۔سکینہ اِیتو نے سمپورناتہ ابھیان کے تحت ’’آکانکشا ہاٹ‘‘ کا اِفتتاح بھی کیاجو مقامی دستکاریوں، سیلف ہیلپ گروپ مصنوعات اور کسانوں کی پیداوار کو فروغ دینے کے لئے مخصوص نمائش کا مقام ہے اور ہفتہ بھر جاری رہنے والی تقریبات کا حصہ ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگرام اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کہ سرکاری سکیموں کے فوائد مطلوبہ اِستفادہ کنندگان تک مؤثر طریقے سے پہنچیں۔اُنہوں نے خواتین اور نوجوانوں کے لئے روزگار پیدا کرنے والی مختلف سکیموں کی دستیابی کو اُجاگر کرتے ہوئے عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنے کی اپیل کی تاکہ زیادہ سے زیادہ اَفراد اِن سکیموں سے فائدہ اُٹھا سکیں۔
وزیر موصوفہ نے مسلسل بیداری مہمات کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ کمیونٹیاں ان کے لئے دستیاب تعاون تک مکمل رَسائی حاصل کرسکیں۔اِ س موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے نیتی آیوگ کے کارکردگی اِشاریوں میں منزگام کو سرفہرست بلاک میں تبدیل کرنے والی انتھک کوششوں کو سراہا۔اِس سے قبل وزیر موصوفہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر الشفیع خان کے ہمراہ مختلف محکموں کے سٹالوںکا معائینہ کیاجو ترقیاتی سکیموں اور فلاحی اقدامات کو اُجاگر کرنے کے لئے لگائے گئے تھے۔سکینہ اِیتو نے قابل ذکر خدمات پر فرنٹ لائن ورکروں، بلاک و ضلعی سطح کے افسران اور دیگر شراکت داروں کو سمپورناتہ ابھیان کے تحت اعزازات سے نوازا۔اِس موقعہ پر چیئرمین ڈِی ڈِی سی کولگام، ڈِی ڈِی سی ممبران، ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔