شیعہ کمیونٹی اور مقامی لوگوں سے ملاقات ، محرم الحرام کے مقدس مہینے کے دوران مؤثر اِنتظامات کی یقین دہانی
سری نگر// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو اور وزیربرائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے آج زڈی بل اور حسن آباد میں امام بارگاہوں کا دورہ کیا تاکہ محرم الحرام کے مقدس مہینے کے سلسلے میں کئے جا رہے اِنتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔وزرأ نے زڈی بل میں امام بارگاہ کے دورے کے دوران مقامی نمائندوں، کمیونٹی رہنماؤں اور شیعہ کمیونٹی کے اراکین سے تفصیلی بات چیت کی۔اِس موقعہ پررُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر علی صادق، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن، ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، چیف اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل اور دیگر متعلقہ محکموں جیسے پی ایچ ای، آبپاشی وفلڈ کنٹرول، تعمیراتِ عامہ اوردیگر محکموں کے سینئرافسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پروزیر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام مسلمانوں کے لئے روحانی اور ثقافتی لحاظ سے بہت اہمیت رکھتا ہے اور یہ ہم سب کی اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ عزاداروں کو وقار، تحفظ اور سکون کا ماحول فراہم کریں۔اُنہوں نے صحت محکمے کو ہدایت دی کہ محرم کے جلوسوں کے راستوں پر عملے کی مناسب تعیناتی یقینی بنائی جائے اور ڈائریکٹر صحت کو ہدایت دی کہ جلوس کے دنوں میں ایمبولینس اور خون کے ذخیرے کی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔سکینہ اِیتو نے ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر تال میل کے لئے ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کریں۔اُنہوں نے بجلی و پانی کی بلا تعطل فراہمی، صفائی کے مؤثر اقدامات اور ٹریفک کے بہتر اِنتظام کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام جلوسوں اور اِجتماعات کے پُرامن اور احسن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کمشنر ایس ایم سی کو زڈی بل، علمگری بازار، مدرسہ صاحب حول اور دیگر جلوس گزرنے والے راستوں کی نالیوں کی صفائی اور نکاسی کے فوری اقدامات کی ہدایت دی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔دورے کے دوران وزیر ستیش شرما نے بھی مقامی نمائندوں سے بات چیت کی اور اُنہیں یقین دِلایا کہ اس مقدس مہینے کے دوران اشیائے ضروریہ کا وافر ذخیرہ دستیاب رکھا جائے گا۔اِس موقعہ پرسکینہ اِیتو نے حضرت میر شمس الدین محمد عراقیؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی۔بعد ازاں، دونوں وزرأنے امام بارگاہ حسن آباد کا بھی دورہ کیا اور محرم الحرام کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر وزرأ نے مقامی شیعہ رہنماؤں اور عوامی نمائندوں سے تفصیلی ملاقات کی تاکہ محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں روبرو آرا ٔحاصل کی جا سکیں۔
وزیر سکینہ اِیتونے متعلقہ محکموں کو موقعے پر ہی متعدد ہدایات دیں اور 9 اور 10 محرم الحرام کے خصوصی اِنتظامات کے لئے جامع تیاریوں اور مسلسل کوششوں کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پررُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر علی صادق،ممبر قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان ساگر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن، ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، چیف اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل اور دیگر متعلقہ محکموں جیسے پی ایچ ای، آبپاشی وفلڈ کنٹرول، تعمیراتِ عامہ اوردیگر محکموں کے سینئرافسران بھی موجود تھے۔بعد ازاں، وزرأ نے میر بہری ڈل کے اندرونی اور گنجان آباد شیعہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔اِس موقعہ پر وزرأ نے عوامی رابطہ کیا اور بڑی تعداد میں شیعہ کمیونٹی کے لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ محرم الحرام کے موقعہ پر مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔وزیر سکینہ اِیتو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت لوگوں کی طرف سے منتخب کی گئی ہے اور عوام ہی کے لئے ہے اور تمام جائز مسائل کو متعلقہ محکموں کی مشاورت سے حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ چند دِنوںمیں اس علاقے کے سکولوں میں عملہ تعینات کیا جائے گا۔وزیر ستیش شرما نے بھی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدس مہینے کے دوران راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور میر بہری ڈل کے مختلف علاقوں میں مناسب تعداد میں سولر لائٹس نصب کی جائیں گی۔










