سکینہ اِیتو اور جاوید ڈار نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کا دورہ کیا

سکینہ اِیتو اور جاوید ڈار نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کا دورہ کیا

سڑک حادثے میںزخمی ہوئے اَفراد کی خیرو عافیت دریافت کی

کپواڑہ// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم سکینہ اِیتو اور وزیربرائے زراعت، دیہی ترقی، پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی جاوید احمد دار نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندواڑہ کا دورہ کیا اورکل بہنی پورہ ہندواڑہ میں پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہوئے اَفراد کی خیرو عافیت دریافت کی۔دورے کے دوران، وزرأ نے زخمیوں اور ان کے ساتھ موجود اَفراد سے ملاقات کی اور اُن کی جلد صحتیابی کے لئے ہر ممکن مدد کا یقین دِلایا۔وزرأنے ہسپتال کے حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور معیاری نگہداشت فراہم کی جائے تاکہ وہ جلد از جلد صحت یاب ہو سکیں۔ بعد میں وزرأ نے اس المناک سڑک حادثے میں جان بحق ہوئے سرکاری اُستاد اِرشاد احمد لون کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی۔سکینہ اِیتو اور جاوید احمد ڈار نے مرحوم اُستاد کے اہل خانہ کے اِظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی اور دائمی سکون اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا ہے ۔ اُنہوں نے انہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔