مریضوں کی نگہداشت و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا
کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود ، تعلیم سکینہ اِیتو نے خراب موسمی حالات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہسپتال کولگام کا اچانک معائینہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جا رہی نگہداشت اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے ہسپتال کے مختلف وارڈوں بشمول ایمرجنسی سیکشن اور دیگر اہم شعبہ جات کا معائینہ کیا اورلوگوں کے لئے دستیاب سہولیات کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اِس موقعہ پر ہسپتال اِنتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر تمام ضروری ادویات اور جان بچانے والی دواؤں کا مناسب ذخیرہ یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ڈیوٹی روسٹر کو مکمل طور پر عملایا جائے تاکہ ڈاکٹر اور دیگر ضروری عملہ چوبیس گھنٹے دستیاب رہے۔ وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ بھاری برفباری کے پیش نظر تمام سب ڈِسٹرکٹ ہسپتالوں، کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں ، پرائمری ہیلتھ سینٹروں اور دیگر طبی مراکز کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھا جائے اور کسی بھی ضرورت کی صورت میں انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ اُنہوں نے معیاری طبی خدمات، مریض دوست سہولیات اور بروقت طبی امداد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر سکینہ اِیتو نے مریضوں اور اُن کے تیمارداروں سے بات چیت کے دوران ادویات کی دستیابی، تشخیصی سہولیات اور مجموعی مریض نگہداشت کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت جموں و کشمیر کے طول و عرض میں بالخصوص دیہی اور دُور دراز علاقوں میں، صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔










